ہومپاکستانوفاق کے ساتھ انتخابات گلگت بلتستان کے قومی مفاد میں ہے،قائدِ حزبِ اختلاف

وفاق کے ساتھ انتخابات گلگت بلتستان کے قومی مفاد میں ہے،قائدِ حزبِ اختلاف

گلگت(ائی پی ایس) قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے خلاف حکومت کی جانب سے سپریم اپیلیٹ کورٹ میں دائر کردہ پٹیشن واپس لینے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عبوری صوبے کے خلاف سازش کرنے والا کردار آج بے نقاب ہو گیا وزیر اعلیٰ نے بلاآخر اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عبوری صوبے کے معاملے پر اپنے وزراء کے ذریعے مسائل پیدا کرنے والا کردار آج خود سامنے آگیا ہے۔ کٹھ پتلی اپنی وزرات اعلیٰ بچانے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ وفاق کے ساتھ انتخابات گلگت بلتستان کے قومی مفاد میں ہے وفاق کے ساتھ انتخابات موجودہ حالات میں بہت ضروری ہیں مگر ڈرامہ باز وزیر اعلیٰ اس طرح کے ڈرامے کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا جو شخص جعلی ڈگری لیکر اپنے والدین کو دھوکہ دے سکتا ہے وہ گلگت بلتستان کی قوم کے ساتھ کیسے مخلص ہو سکتا ہے۔
قائدِ حزبِ اختلاف امجد حسین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ سپریم اپیلیٹ کورٹ نے اس پٹیشن کو CPLA سے سوموٹو میں تبدیل کر کے تمام جماعتوں سے رائے طلب کرنے کے لئے نوٹسز جاری کردئیے ہیں اب صوبائی حکومت کی جانب سے یہ پٹیشن واپس نہیں لی جا سکتی ہے وزیر اعلیٰ اپنی کرسی بچانے کے لئے اس طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں مگر ہم گلگت بلتستان کی عوام کے حق میں ہونے والے فیصلے کے خلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص کے اقتدار کی خاطر گلگت بلتستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے نہیں دیں گے۔ اس طرح کے اقدامات گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہیں۔ گلگت بلتستان کے کٹھ پُتلی اپنے مفادات اور اقتدار کی خاطر کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔

وفاق اور گلگت بلتستان میں ایک ساتھ انتخابات نہایت ضروری ہیں آئیندہ انتخابات اس حوالے سے بھی نہایت اہمیت کے حامل ہیں کہ گلگت بلتستان عبوری آئینی صوبے کے حوالے سے اہم پیشرفت ممکن ہے اور ہم نے اس مقصد کے لئے پہلے بھی جد و جہد کی ہے اور آنے والے وقتوں میں مزید بہتر اور منظم انداز میں جد و جہد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عبوری آئینی صوبے کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کو 2018 میں اپنے مرکزی منشور میں شامل کر کے یہ ثابت کیا کہ یہاں کے عوامی حقوق کی ضامن صرف پیپلز پارٹی ہی ہے۔ انشا اللّہ آنے والی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی اور گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا اعزاز بلاول بھٹو زرداری کو حاصل ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔