Saturday, March 21, 2026
ہومپاکستانوزیر اعلی گلگت بلتستان کی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالی میں ملاقات

وزیر اعلی گلگت بلتستان کی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالی میں ملاقات

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالی میں خصوصی ملاقات کی اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے نقصانات اور صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان نےاس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف کو وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے امور میں غیر ضروری مداخلت اور مقامی کارندوں کے ذریعے صوبائی حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں سے آگاہ کیا اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے دئیے گئے گلگت بلتستان کی معاشی سمت درست کرنے کیلئے اعلان کردہ پیکیج اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کو حالیہ بجٹ میں نظر انداز کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو گلگت بلتستان کی سالانہ گرانٹ اور ترقیاتی بجٹ میں کی جانیوالی کٹوتی اور گلگت بلتستان جیسے حساس خطے کو عدم استحکام کرنے کی سازشوں پر بھی اعتماد میں لیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف کو پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت کی جانب سے گندم سبسڈی پر عوام کو گمراہ کرنے کی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے گندم سبسڈی کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اضافہ کرنے کے مطالبے کو نظر انداز کیا اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے ہو شربا مہنگائی کی وجہ سے گلگت میں گندم کی ایک بوری ساڑھے سولہ ہزار میں پڑتی ہے مگر گندم سبسڈی میں اضافے کے بجائے کٹوتی کی گئی اور اب پی ڈی ایم ملبہ صوبائی حکومت پر گرانے کی سازش کر رہی ہے۔
اس موقع پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر قیادت صوبائی حکومت کی نامساعد حالات کے باوجود سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کیلئے کی جانیوالی اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ تحریک انصاف دوبارہ وفاق میں بر سر اقتدار آکر گلگت بلتستان کیلئے اعلان کردہ معاشی پیکیج پر مکمل عمل در یقینی بنائے گی اور عبوری آئینی صوبہ بنا کے گلگت بلتستان کے ساتھ روا رکھے گئے سوتیلے سلوک کی تلافی کریگی۔ چئیر مین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کو ہدایت بھی جاری کردی کہ تحریک انصاف کے منشور کے عین مطابق کرپشن کے خاتمے اور سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے ٹھوس اقدامات کیلئے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور تمام کارکن بھرپور کردار ادا کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔