گلگت (اسٹاپ رپورٹر) گلگت بلتستان کی سیاسی و سماجی خاتون راہنما پروین غازی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام کنٹی جینٹس ملازمین کو فوری طور پر مستقل کرکے انکے مایوسیوں کو ختم کیا جائے، انکے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے مہنگائی کے اس دور میں تنخواہ بھی پوری نہ ملنا ریاست کی ناکامی ہے.
انہوں نے اپوزیشن کے خاموشی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے جد جہدکرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی عارضی ملازمین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے انہوں نے پی ڈی ایم کے تمام سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز مقامی میڈیا کیلئے جاری ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان عارضی ملازمین کو فٹ بال بنایا گیا ہے نہ انہیں مستقل کیا جاتا ہے اور نہ ہی انہیں پوری تنخوا ملتی ہے یہ کیسے حکمران ہیں جنہیں اپنے عوام کی فکر ہی نہیں، انکے مشکلات کا احساس تک نہیں، حکمران اپنے تنخواہوں میں لاکھوں کا اضافہ جبکہ غریب ملازمین کو معمولی اضافہ بھی نہ ملنا حکمرانوں کی ناکامی ہے وزیر اعلیٰ فوری طور ہر عارضی ملازمین کو مستقل کرکے انکے تنخواہوں میں خاطر خوا اضافہ کرے.
بصورت دیگر غریب ملازمین کی آہوں اور سسکیوں میں حکومت کادھڑن تختہ ہوگا انہوں نے کہا کہ غریب ملازمین کے حق میں آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے سول سوسائٹی کوآگے آنا چاہیے اور مشکل میں پھنسے عوام کے خیر سگالی کیلئے کردار اداکر نا وقت کی ضرورت ہے واضح رہے گلگت بلتستان کے سرکاری اداروں کے عارضی ملازمین تین مہینوں سے بند تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے تمام اضلاع میں احتجاجی مرحلے سے گزر رہے ہیں .
