اسلام آباد : تحریک انصاف نے استعفیٰ واپس لینے کے معاملے پر ایم این اے عبدالشکورشاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے ایم این اے عبدالشکورشاد کی جانب سے استعفیٰ واپس لینے کے معاملے پر ایکشن لے لیا۔تحریک انصاف نے عبدالشکورشاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا، جس میں عبدالشکورشاد سے سات روز میں شوکاز نوٹس کا جواب مانگا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ جمع کرایا اسے ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کیا، ٹوئٹر پیغام میں واضح لکھا کہ آپ سابو ایم این اے ہیں۔نوٹس میں کہنا تھا کہ آپ نے این اے 246ضمنی انتخاب میں کورنگ کینڈیڈیٹ کی حیثیت سے کاغذات جمع کرائے، آپ پارٹی پالیسی کے خلاف گئے، میڈیا میں بھی بیان دیا،سات روز میں نوٹس کا جواب دیں کہ آپکی پارٹی ممبر شپ کیوں نہ منسوخ کی جائے۔
یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ایم این اے شکور شاد استعفیٰ منظوری کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔جس میں کہا تھا کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا، پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لئے گئے ہیں۔
عبدالشکورشاد کا کہنا تھا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں، عمران خان سے اظہار یک جہتی اور سیاسی مقاصد کیلئے دستخط کیے۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔
