Sunday, May 24, 2026
ہومپاکستانپاکستان نے او آئی سی کیخلاف بھارت کے مضحکہ خیزتبصرے مسترد کردیے

پاکستان نے او آئی سی کیخلاف بھارت کے مضحکہ خیزتبصرے مسترد کردیے

پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے بھارتی اقدام کے خلاف بیان کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے مضحکہ خیز تبصروں اور جھوٹے دعووں کو واضح طور پر مسترد کردیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف او آئی سی نے بیان دیا تھا، اس بیان کو بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے تنقید کرنے کو پاکستان نے مضحکہ خیز اور جھوٹے دعوے قرار دیتے ہوئے واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ ‘ہندوتوا’ نظریے پر عمل کرنے والے دوسروں پر ‘متعصب’ یا ‘فرقہ وارانہ ایجنڈے’ کا الزام لگا رہے ہیں، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرنے اور ریاستی دہشت گردی کے فروغ دینے والے کی طرف سے دوسروں پر انگلیاں اٹھانا خوفناک عمل ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ او آئی سی اسلامی ممالک کا سب سے بڑا کثیرالجہتی فورم ہے، جو 1.7 ارب سے زائد مسلمانوں کی نمائندگی کرتا ہے، اور ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں آواز اٹھاتا رہا ہے، جو بھارت کے 7 دہائیوں سے زائد طویل غیر قانونی قبضے اور بے دریغ جبر کا ناقابل بیان نقصان اٹھا چکے ہیں۔
ترجمان نے بیان میں مزید کہا کہ جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ آئندہ کبھی ہوگا، یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ‘متنازع’ علاقہ ہے، جس پر بھارت 1947 سے زبردستی اور غیر قانونی طور پر قابض ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تنازع تقریبا 75 برس سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں کشمیریوں سے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا عہد کرتی ہیں، جو اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے استعمال کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت ظلم، ناانصافی اور غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر میں قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے، وہ ‘سماجی و اقتصادی ترقی’ کا دعوی کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، کسی بھی حد تک دلائل دینے سے جھوٹ کو سچ میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی اور انصاف کا تقاضا ہے کہ بھارت، جموں و کشمیر کے تنازع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر دیانتداری سے عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں اور عالمی برادری کے ساتھ اپنے عزم کا احترام کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔