وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ عمران خان اور فارن ایڈڈ پارٹی پی ٹی آئی پر قانون کے دروازے بند ہوچکے ہیں، ان کا جھوٹ، فراڈ اور تماشا ختم ہوچکا۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے تحت فارن ایڈڈ پارٹی ڈکلئیرڈ ہوچکی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت عمران صاحب نے پانچ سال قبل جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے 8 سال میں 11 بار اسلام آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا چکے ہیں اور 9 بار وکیل بدل چکے ہیں، انہوں نے 50 مرتبہ سماعت کو ملتوی کرایا اور 11 پٹیشنز ہائی کورٹس میں دائر کیں اب فارن ایجنٹ اور فارن ایڈڈ پارٹی پر قانون کے تمام دروازے بند ہوچکے ہیں، آج یہ لوگ جو باتیں کر رہے ہیں انہیں یہ باتیں آٹھ سال کے دوران الیکشن کمیشن میں کرنی تھیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا خوف عمران خان کو تھا اسی لیے ان پر 20 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، رانا ثنا اللہ کے خوف سے 25 مئی کو عمران صاحب خیبرپختونخوا بھاگ گئے تھے۔انہوں نے تحریک اںصاف کے رہنما فواد چوہدری کے لیے کہا کہ فواد صاحب ! احتیاط اچھی چیز ہے، اوقات تک نہ جائیں تو آپ کے لیے بہتر ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آ چکا ہے، اب قانون کے مطابق عمل درآمد ہو رہا ہے، پی ٹی آئی نے آٹھ سال میں ایک روپے اور ایک اکانٹ کا حساب نہیں دیا اب انہیں کسی قسم کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے، اب فارن ایجنٹ عمران خان اور فارن ایڈڈ پارٹی کا جھوٹ، فراڈ اور تماشا ختم ہوچکا ہے۔
فواد صاحب ! احتیاط اچھی چیز ہے، اوقات تک نہ جائیں، مریم اورنگزیب کی وارننگ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
