عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کیخلاف مداخلت سب نے مانی ہے، سازش سے متعلق فیصلے کیلئے چیف جسٹس کھلی سماعت کریں، شہباز شریف اور آصف زرداری نے نیب میں ترامیم کردیں، اب نیب پر شہباز شریف بیٹھ جائے گا۔
یوٹیوب پر لوگوں کے سوالات کے براہ راست جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے گھر والوں کی رقوم کا ہیر پھیر کرنے والے گواہ مر گئے، ایف آئی اے کے افسر ڈاکٹر رضوان بھی ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگئے، ایک اور افسر کے بارے میں پتہ چلا اس نے خودکشی کرلی ہے، انہوں نے سب اداروں کو پیغام دیا کہ اگر انہیں ہاتھ لگایا تو کیا ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ماضی میں ہم نے دیکھا ہے کہ شہباز شریف اور آصف زرداری نے نئی ترامیم کی ہیں، اب نیب کے اوپر شہباز شریف بیٹھ جائے گا۔ انہوں نے کبھی عدلیہ کو نہیں بخشا، ان کو سپریم کورٹ نے سسیلین مافیا کہا تھا، ہماری جنگ ان کیخلاف ہے، جس دن اسمبلی میں گیا اس دن میں انہیں اور ان کی کرپشن کو تسلیم کرلوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ امریکی سازش کے حوالے سے چند حقائق ناقابل تردید ہیں۔ 7 مارچ کو ڈونلڈ لو پاکستانی سفیر کو دھمکی دیتا ہے کہ اگر عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجاتی ہے تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا۔ 8 مارچ کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی جاتی ہے، اس کے بعد ہمارے اتحادی اور پارٹی کے ہی کچھ ارکان حکومت چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مداخلت تو سب نے مانی ہے، کیا ڈی جی آئی ایس پی آر فیصلہ کریں گے کہ سازش ہوئی یا نہیں، وہ رائے دے سکتے ہیں فیصلہ نہیں کرسکتے۔ ہمیں معلوم ہے کہ سازش ہوئی ہے، بحیثیت وزیراعظم میں نے کمیشن بنایا، صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر کھلی سماعت کریں۔