عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہمارا سارا ملبہ حکومت پر پڑ گیا ہے اور یہ اس ملبے تلے دب کر مر جائیں گے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حالات ابتر و خراب، تشویشناک اور گھمبیر ہوتے جارہے ہیں، ان سے حکومت سنبھل نہیں رہی، آصف زرداری نے ان کو گھیر کے گھنٹہ گھر چوک میں مارا ہے، ہمارا سارا ملبہ ان پر پڑ گیا ہے اور یہ اس ملبے تلے دب کر مر جائیں گے، عمران خان ہیرو اور یہ سارے زیرو ہو گئے ہیں، 16 سیاسی پارٹیوں کے سیاسی جنازے باہر آگئے ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے 30 فیصد مہنگائی بڑھی ہے، یو اے ای، چین اورسعودیہ سے یہ لوگ خالی ہاتھ لوٹے ہیں، موجودہ صورتحال میں ڈالر اسی ماہ کے آخر تک 200 تک پہنچ جائیگا، ہر چیز ڈبل ہے مگر کارکردگی صفر ہے، یہ فیل ہوگئے ہیں، اگر ملک دیوالیہ ہوگیا تو کیا کریں گے، ان کے پاس کوئی حکمت نہیں، جو تھی وہ کرچکے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں دو سال سے کہتا تھا ن سے شین نکلے گی سب نے دیکھ لیا، میں کہتا تھا یہ لوگ فضل الرحمان سے ہاتھ کریں گے، مولانا کے بیٹے نے کبھی باتھ روم نہیں بنایا وہ موٹر وے بنائیں گے، اس حکومت نے سیکیورٹی پر جس بندے کو لگایا وہ بقول شیرعلی خود 22 بندوں کا اجرتی قاتل ہے، رانا ثنااللہ کو حکومت نے غنڈہ گردی کے لئے رکھا ہے، وہ مجھے دھمکا رہا ہے اور کہتا ہے مجھے گھر سے نہیں نکلنے دے گا، اسے پتہ ہی نہیں حالات اس سے آگے نکل چکے ہیں، مجھ پر خود کش حملے ہو چکے ہیں میں ان سے نہیں ڈرا تو اس شیطان سے کیا ڈروں گا
