Sunday, November 24, 2024
ہومپاکستاننااہل نالائق اور ناجائز حکمرانوں سے اللہ قوم کو نجات عطا کرے گا، مولانافضل الرحمان

نااہل نالائق اور ناجائز حکمرانوں سے اللہ قوم کو نجات عطا کرے گا، مولانافضل الرحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ رہائی نہ ملنے کی صورت میں ہم نے دوبارہ سڑکوں پر آنے کے لیے فیصلہ کیا تھا لیکن اب اسکی ضرورت باقی نہیں رہی۔

عوام اور کارکنوں کے نام اہم پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صبح ہونے سے پہلے ہی تمام ممبران قومی اسمبلی اور کارکن رہا ہوچکے ہیں، جس پر کارکنوں اور عوام کو اس فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری آواز پر لبیک کہتے ہوئے فوری رد عمل دیا اور پورے ملک کو ایک گھنٹے سے کم وقت میں جام کر دیا۔

مولانا نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں اسلام آباد پولیس نے تمام قوانین اور اخلاقیات کو روندتے ہوئے دھاوا بولا، ممبران پارلیمنٹ پر بلاجواز تشدد کیاگیا، قوم کے منتخب نمائندوں کو گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا جبکہ ان کے مہمانوں کو زدوکوب اور گرفتار کیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ واقعے کی غلط تصویر اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ قوم کے سامنے رکھ کر تاریخ کے صفحات پر اپنے سیاہ کردار کی پردہ پوشی کی بھونڈی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں شکرانہ کے نوافل ادا کریں، آئندہ بھی اللہ تعالی سے فتح و نصرت کے لیے اجتماعی اور انفرادی دعاوں کا خاص اہتمام کریں ۔

اللہ سے امید ہے کہ آئندہ بھی اور خاص طور پر عدم اعتماد کی تحریک میں ہمیں اللہ کامیابی عطا کرے گا، ان نااہل نالائق اور ناجائز حکمرانوں سے اللہ قوم کو نجات عطا کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔