ہومپاکستانچائنا میڈیا گروپ اورپاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے اشتراک سے خلائی فلم کی نمائش اور طلبہ کے لیے سائنسی تقریب

چائنا میڈیا گروپ اورپاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے اشتراک سے خلائی فلم کی نمائش اور طلبہ کے لیے سائنسی تقریب

image 10

پاکستانی وزیراعظم اور خلانوردوں کے درمیان زمین سے خلا میں گفتگو کے اہم موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے شعبۂ اردو اور پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے مشترکہ طور پر خلائی دستاویزی فلم کی نمائش اور طلبہ کے لیے ایک خصوصی سائنسی تقریب منعقد کی۔ تقریب میں پاکستان کے مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے تین سو سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔

پاکستان کے پہلے خلانورد محمد ذیشان علی کے خلائی سفر اور پاک چین خلائی تعاون کے تناظر میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد نئی نسل میں خلائی تحقیق کا شوق پیدا کرنا اور نوجوانوں کو دونوں ممالک کے سائنسی تعاون سے آگاہ کرنا تھا۔ تقریب میں خلائی سائنس دان کی گفتگو، معلوماتی سوال و جواب اور چائنا میڈیا گروپ کی آٹھ کے خلائی دستاویزی فلم کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

image 11

چائنا میڈیا گروپ کی نمائندہ ہو پنگ پنگ نورین نے دستاویزی فلم ’’کھڑکی کے باہر نیلا سیارہ‘‘ کی نمایاں خصوصیات بیان کیں اور پاک چین خلائی تعاون کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے علامہ اقبال کا مصرع ’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘‘ پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مزید وسیع امکانات کی جانب اشارہ کیا۔

image 12

سپارکو کے ڈپٹی چیف منیجر ڈاکٹر نجم عباس نے طلبہ کو پاک چین خلائی تعاون، محمد ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت اور اس تاریخی کامیابی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مستقبل کے مشترکہ خلائی منصوبوں اور سائنسی تحقیق کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی اور اس مشن کی سائنسی اہمیت واضح کی۔

تقریب میں چائنا میڈیا گروپ کی آٹھ کے ریزولوشن میں تیار کردہ خلائی دستاویزی فلم ’’کھڑکی کے باہر نیلا سیارہ‘‘ پیش کی گئی۔ خلانوردوں کے نقطۂ نظر سے بنائی گئی اس فلم میں خلا سے زمین کے دلکش مناظر اور خلائی اسٹیشن میں زندگی کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ فلم نے طلبہ کو کائنات کی وسعتوں اور ہمارے نیلے سیارے کے حسن سے روشناس کرایا اور انسانی خلائی سفر کو قریب سے سمجھنے کا موقع دیا۔

image 13

اس موقع پر سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں بچوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور خلائی تحقیق اور خلانوردوں کی زندگی سے متعلق دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔ طلبہ کی بھرپور شرکت سے تقریب میں پُرجوش ماحول دیکھنے میں آیا۔

اس تقریب کے ذریعے چائنا میڈیا گروپ کے معیاری سائنسی و دستاویزی مواد کو پاکستانی سرکاری اور سائنسی اداروں کے تعاون سے نوجوان نسل تک پہنچایا گیا۔ فلم کی نمائش اور علمی سرگرمیوں نے طلبہ کو چین کی خلائی ترقی اور پاک چین تعاون کے بارے میں مزید جاننے کا موقع فراہم کیا، جبکہ پاکستان کی خلائی کامیابی کو نوجوانوں میں سائنسی شعور اور جستجو بڑھانے کا ذریعہ بنایا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔