ہومبریکنگ نیوزہم نے ثابت کیا عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، مریم نواز

ہم نے ثابت کیا عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، مریم نواز

لاہور (آئی پی ایس )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کی تقریب میں شرکت کی اور طالبات سے خصوصی خطاب کیا۔ تقریب کے پنڈال میں آمد پر طالبات نے تالیاں بجا کر وزیر اعلی کا پرجوش اور پرتپاک استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ایک یونیورسٹی میں اتنی بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ بیٹیاں بیٹھی ہیں اور یہی اصل بہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ “ساڈھیاں دھیاں ساڈا مان” ہیں اور ان بچیوں کے والدین سپر ہیرو ہیں جن کی قربانیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کل کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور وزیر اعلی بھی یہیں سے نکلیں گے، طالبات اپنے اذہان کو کھلا رکھیں، خود کو کمتر نہ سمجھیں اور صرف گھر بیٹھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو ملک کی فلاح و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔تعلیمی اور مالی خودمختاری کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ دسمبر کے مہینے سے طالبات کو اسکوٹیز ملنا شروع ہو جائیں گی اور اس حوالے سے لڑکوں سے زیادہ درخواستیں لڑکیوں کی موصول ہوئی ہیں جو ایمپاورمنٹ کی علامت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 22 ارب سے زائدکے فنڈز سے ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز دی جائیں گی، 1600 بچیوں کو اسکالرشپ مل رہا ہے، پنجاب حکومت ایک لاکھ گوگل فری سرٹیفکیٹ دے رہی ہے اور کاروبار کرنے کی خواہشمند خواتین کو بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کے پاس وسائل نہیں، ان کی دہلیز تک وسائل پہنچانا ان کا مشن ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹاپ لیول تک سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے وائس چانسلرز اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تقرری میرٹ پر یقینی بنائی گئی ہے اور پہلی بار فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں خاتون وائس چانسلر کی تقرری کی گئی ہے۔

انہوں نے ننکانہ صاحب کے ڈی سی اور ڈی پی او کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں، ماں اور بہنوں کے لیے محفوظ پنجاب بنا دیا ہے اور کسی بھی خاتون کے ساتھ ظلم و زیادتی ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے تمام خواتین کو ویمن سیفٹی ایپ ڈان لوڈ کرنے اور خطرے یا ہراسانی کی صورت میں پینک بٹن یا 15 پر فوری کال کرنے کی ہدایت کی،

والدین سے بھی کہا کہ وہ بچیوں کی مدد کریں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔جنوبی پنجاب کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ تین سال میں جنوبی پنجاب میں جتنے کام ہوئے ہیں اتنے 80 سال میں نہیں ہوئے، اور جو ترقی لاہور میں ہو رہی ہے وہی ملتان، لیہ، خانیوال اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی ہو رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔