اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان نے کہا ہے کہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا کریں جتنا کل برداشت کر سکیں۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کے گھر کو سیل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کا گھیراؤ اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ اور گھر میں موجود خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں گھر خالی کردیں۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا، مگر حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم امن چاہتے ہیں، حکومت تصادم پر کیوں تُلی ہوئی ہے؟ حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کر رہے ہیں؟
ترجمان جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر رہائش گاہ کا گھیراؤ ختم کرے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے، بصورتِ دیگر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل خود برداشت کر سکیں۔
ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا کریں جتنا کل برداشت کر سکیں، ترجمان جے یو آئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
