اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین سٹوئینسکو نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک پاکستان کے ساتھ تعلقات کے اہم شعبوں، بالخصوص جی ایس پی پلس تجارتی سہولتوں، سلامتی، ہجرت اور انسانی حقوق کے حوالے سے مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔
رومانیہ کے سفیر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد میں آئرش سفارت خانے کی رہائش گاہ پر یورپی یونین کے سربراہانِ مشنز کا ایک اہم اجلاس اور مشاورتی نشست منعقد ہوئی، جس میں یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک پاکستان کے ساتھ سیاسی مکالمے، اسٹریٹجک کمیونیکیشن، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ترقیاتی تعاون کے معاملات میں بھی ہم آہنگ ہیں۔ ہر رکن ملک اپنی قومی ترجیحات اور نقطہ نظر کے ساتھ مشترکہ مباحثے میں حصہ لیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی تنوع میں اتحاد اور مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کا حقیقی تصور ہے۔
ڈاکٹر ڈین سٹوئینسکو نے موجودہ عالمی حالات میں یورپی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ جاری ہے، جبکہ یورپی یونین کے رکن ممالک اور یورپ سے باہر اس کے شراکت داروں کو ہائبرڈ سرگرمیوں کا بھی سامنا ہے۔
انہوں نے ان سرگرمیوں میں آتش زنی، تخریب کاری، سائبر حملوں اور گمراہ کن معلومات کی مہمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی ایک رکن ملک کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو دیگر ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوں۔
رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ یورپی یونین اپنے رکن ممالک کے اندر اور بیرون ملک ایک دوسرے کے تحفظ، یوکرین کی حمایت اور پاکستان جیسے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون میں اپنے مشترکہ تجربات اور وسائل بروئے کار لا کر اس یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرتی ہے۔
انہوں نے اس اہم نشست کے انعقاد پر آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل اور یورپی یونین کے سفیر رائمونداس کاروبولس کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص آئرش سفیر کی جانب سے پرتپاک میزبانی کو سراہا۔
