پاکستان کی موجودہ قیادت ملک کی ترقی، خوشحالی اور عالمی امن کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہے، پاکستان کی سفارتی و سیاسی کوششوں اور امن کے قیام کے لیے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
ٹورنٹو، کینیڈا،(سب نیوز):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی کینیڈا کے شہر ٹورنٹو آمد پر پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات، مقامی پارلیمانی نمائندوں اور دیگر معززین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے ان کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات، بیرون ملک پاکستانیوں کے مثبت کردار اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
استقبال کے موقع پر قونصل خلیل باجوہ سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات، مقامی پارلیمانی نمائندے اور پاکستانی کمیونٹی کے دیگر افراد موجود تھے، جبکہ صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا خیرمقدم کیا۔
ٹورنٹو میں مقیم سینئر صحافی اور میزبان توصیف شاہ کی میزبانی میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نیویارک سے عرفان صدیقی، میاں عظیم اور امریکا و کینیڈا کے دیگر شہروں سے آئے ہوئے صحافیوں سمیت ٹورنٹو کے سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی اور مختلف قومی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اسی طرح سماجی رہنما چوہدری جویا کی جانب سے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی پارلیمانی نمائندوں، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پاکستانی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ ان تقریبات میں پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، پاکستانی کمیونٹی کے باہمی روابط، کاروباری تعاون اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا میں امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے حل، مذاکرات کے فروغ اور پائیدار امن کے قیام کا حامی رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان ثالثی اور سفارتی کوششوں کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، جو ملک کی امن دوست پالیسی اور موجودہ سیاسی قیادت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دنیا میں پائیدار امن کے لیے مکالمے، باہمی احترام اور سفارتی روابط کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
سیدال خان ناصر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنی محنت، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوستی، پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے اور تجارت، صنعت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کو وسعت دے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات کے تجربات، مہارت اور بین الاقوامی روابط کو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاکستانی کمیونٹی، میزبان شخصیات اور صحافیوں کی جانب سے پرتپاک استقبال، محبت اور خلوص پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان عوامی، پارلیمانی، کاروباری اور سماجی تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔
