اسلام آباد(سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر عزت مآب جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے 25 نومبر کو تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن لے جانے والے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چین کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا تہہ دل سے شکر گزار ہے جس نے پاکستان کو اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اس مشن کے ذریعے ایک پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ محض ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے، جو بالخصوص ملک کے نوجوانوں اور سائنسی برادری کے خوابوں، امنگوں اور بلند عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اس مشن کو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا باہمی تعاون اب حقیقی معنوں میں ستاروں تک جا پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے چینی متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور اس تاریخی کامیابی میں سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے کی منزلوں کا خواب دیکھنے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے متحرک کرے گی۔
وزیراعظم نے چینی سفیر سے درخواست کی کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کو ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی متحرک قیادت اور دوراندیش وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور انسانیت کے وسیع تر مفاد میں اپنا خلائی پروگرام دوست ممالک کے لیے بھی کھولا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں رواں سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات اور سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے۔
