ہومپاکستانوزیراعلی پنجاب مریم نواز کا صوبے میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا صوبے میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کے عزم کا اعادہ

لاہور (سب نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک سلمی بٹ کو آٹے کے نرخ کم کرنے کا ہدف دے دیا، جبکہ پولیس کے لیے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر مبنی 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کی منظوری بھی دیدی۔
بدھ کے روز وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، ترقیاتی اسکیموں، بھرتیوں اور مختلف محکموں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں صوبائی کابینہ نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو پنجاب کے مختلف شہروں کے کامیاب دوروں پر خراج تحسین پیش کیا اور ان دوروں کے دوران عوام کی جانب سے ملنے والے پرجوش ردعمل کو بھی سراہا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک سلمی بٹ کو آٹے کے نرخ کم کرنے کا ہدف دے دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کے منصوبوں میں کامیابیوں پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ گزشتہ دور حکومت سے موازنہ کیا جائے تو عوام گھر سے نکلنے کے قابل بھی نہیں تھے، مالی مشکلات کا شکار لوگوں کے لیے بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنا بھی دشوار تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمی بیشی کے باوجود عوام نے خدمت کے کاموں کو قبول کیا، جس کا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے۔ پرویز ملک مرحوم کے حلقے میں شکست کے خوف سے امیدوار دستبردار کرا لیا گیا۔ ڈھائی سال بعد سڑکوں پر نکلے تو لوگوں نے پھول برسائے، جبکہ راولپنڈی میں لوگ اظہار تشکر کرتے ہوئے قرآن پاک کے تحائف پیش کرتے رہے۔وزیراعلی نے کہا کہ خدمت کے مشن کو قبول کرنے اور پذیرائی بخشنے پر عوام کو کریڈٹ دیں گے۔ کامیابیوں کا کریڈٹ صرف میرا نہیں بلکہ ہر وزیر، مشیر اور معاون خصوصی کا بھی ہے۔ میں کامیابی تب سمجھتی ہوں جب ہر آنے والا دن پہلے سے بہتر ہو۔
مریم نواز شریف نے سکھ یاتریوں کو پنجاب آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب میں سامان سر پر اٹھائے سکھ بھائیوں کو دیکھ کر فوری طور پر ٹرالی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مجھے نظر آتی ہیں تو متعلقہ محکموں کو کیوں نہیں دکھائی دیتیں؟ سڑکوں کی مرمت خودبخود کیوں نہیں کی جاتی؟۔وزیراعلی نے کہا کہ ڈھائی لاکھ گھر بنانے کے خواب کو اللہ تعالی نے تعبیر دی ہے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران منظور شدہ منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے کا حکم بھی دیا۔اجلاس کے دوران منشا اللہ بٹ نے کہا کہ خلق خدا کی آواز نقارہ خدا ہے، جو نقارہ خدا کو نہیں سمجھتے اللہ تعالی انہیں عقل دے۔مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ 40 سال بعد راولپنڈی میں ایسا عوامی اجتماع دیکھنے کو آیا۔ اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی جانب سے بابا گورونانک کے جنم دن پر مٹھائی بھجوانے پر وزیراعلی مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا۔
صوبائی کابینہ نے پنجاب میں پہلی مرتبہ پولیس کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر مبنی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیس کے لیے 50 ایسی گاڑیوں کی منظوری دے دی۔کابینہ نے محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں 3 ہزار 80 آسامیوں اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی مختلف آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی۔ مری پولیس کے لیے 10 نئی آپریشنل گاڑیاں خریدنے اور ٹوٹے پھوٹے بس اڈوں کی فوری مرمت کے لیے فنڈز بھی منظور کیے گئے۔ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈیرہ غازی خان کے 62، اوکاڑہ کے 2 اور ضلع مظفر گڑھ کے 27 منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، ملتان، سرگودھا اور دیگر اضلاع کے عوامی نمائندوں کی وزیراعلی سے ملاقاتوں سے متعلق امور کی منظوری دی، جبکہ اوکاڑہ، وہاڑی، چنیوٹ اور ساہیوال کے عوامی نمائندوں کی ملاقاتوں سے متعلق امور بھی منظور کیے گئے۔
اجلاس میں کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کی ازسرنو تشکیل اور وزیراعلی پنجاب کے ڈیری سپلائی چین منصوبے کی منظوری دی گئی۔ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے کامران بارہ دری لاہور کا بحالی منصوبہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کو منتقل کرنے اور راولپنڈی کے قدیم شہر کی تاریخی عمارتوں اور بازاروں کو محفوظ ورثہ قرار دینے کی منظوری دی گئی۔کنیئرڈ کالج لاہور کی طالبات کے لیے 450 لیپ ٹاپ فراہم کرنے، کامن فیسیلٹی سینٹر فنانسنگ منصوبے کے تحت اخراجات کی واپسی کے طریقہ کار اور مری میں پنجاب ہاس کی تعمیر نو، تزئین و آرائش اور اضافی بلاکس کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب کانٹر نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط اور شرائط منظور کرلیں، جبکہ پنجاب قرآن بورڈ کے خصوصی شعبے میں ڈائریکٹر جنرل اور دیگر آسامیوں پر بھرتی کی اجازت دے دی۔
مختلف مدات میں مزید فنڈز مختص کرنے کی منظوری کے علاوہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ محکمہ آبی زراعت و ماہی پروری کے لیے ٹرانسپورٹ کی خریداری اور محفوظ جیلیں پنجاب منصوبے کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سالانہ بجٹ تخمینے اور مالی سال 2026-27 کے دوران پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں صوبائی حصے کی واپسی کی منظوری بھی دی گئی۔ سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی ہنگامی بحالی، نہروں کی بھل صفائی اور لفٹ ایریگیشن اسکیمیں فعال رکھنے کے لیے 9 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
عدلیہ کے نئے ترقیاتی منصوبوں کی شمولیت اور ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز مختص کرنے، پنجاب ٹیکسٹائل کمپلائنس اینڈ سرٹیفکیشن پروگرام کے تحت سرٹیفکیشن سبسڈی کے طریقہ کار اور کمالیہ و جھنگ کی لیبر کالونیوں کی مرمت اور بحالی کی منظوری بھی دی گئی۔سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 میں راولپنڈی کی سڑکوں سے متعلق ترقیاتی منصوبے کے نام میں تبدیلی اور ضلعی لیبر دفاتر کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں تصحیح کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی رولز 2026 کی منظوری دے دی، جبکہ ضلع خوشاب کے علاقے داال میں نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام کے لیے این او سی جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔مصنوعات اور خام مال کی جانچ کے لیے سبسڈی پروگرام کے تحت سبسڈی کے حصے، کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے تحت پنجاب موٹر وہیکل ٹرانزیکشنز لائسنس رولز 2015 میں ترمیم اور مجوزہ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی پنجاب بل 2026 کی منظوری دی گئی۔
پنجاب پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور سپرنٹنڈنٹس کی ترقی کے ذریعے تقرری سے متعلق سروس رولز 2020 اور پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ایف آئی آر کی پرنٹنگ سے متعلق پنجاب پولیس رولز 1934 میں ترامیم منظور کی گئیں۔کابینہ نے ممنوعہ علاقوں میں سیمنٹ پلانٹس کے قیام اور موجودہ پلانٹس کی توسیع پر پابندیوں کا جائزہ لینے اور ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ اراضی شامل کرکے توسیع کی منظوری دی گئی، جبکہ محکمہ قانون کے مینوئل میں ترامیم اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ایکٹ 2007 کی دفعہ 9 میں ترمیم بھی منظور کی گئی۔محکمہ اوقاف کے ملازمین کے سروس رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پھاٹا لینڈ یوز رولز 2017 میں مجوزہ ترامیم اور ملکیتی حقوق رکھنے والی تجارتی عمارتوں اور جائیدادوں کی غیر مجاز ذیلی تقسیم پر کنورژن فیس وصول کرنے کے معاملے پر 3 ماہ کی عارضی اجازت دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز 2020 کے قاعدہ 30 میں مجوزہ ترمیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔