ہومتازہ ترینبھارت سے واپسی پر شیخ حسینہ کو گرفتار کر کے جیل بھیج دینگے، بنگلہ دیشی حکومت کا دوٹوک اعلان

بھارت سے واپسی پر شیخ حسینہ کو گرفتار کر کے جیل بھیج دینگے، بنگلہ دیشی حکومت کا دوٹوک اعلان

ڈھاکا(سب نیوز)بنگلہ دیش کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد دسمبر میں بھارت سے وطن واپس آتی ہیں تو انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔ شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی کے اعلانات نے ملک میں سیاسی کشیدگی کو ہوا دے دی ہے اور مختلف شہروں میں ایک بار پھر پرتشدد واقعات پھوٹ پڑے ہیں۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ شمع عبید اسلام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ڈھاکا، نئی دہلی سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا خواہاں ہے جہاں وہ 2024 میں بنگلہ دیش سے فرار ہونے کے بعد سے مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش توقع رکھتا ہے کہ بھارت دونوں ممالک کے درمیان موجود مجرموں کی حوالگی کے معاہدے پر عمل درآمد کرے گا۔بھارتی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا، تاہم اپریل میں وزارت نے کہا تھا کہ وہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلہ دیش کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ 2024 کی عوامی بغاوت کے نتیجے میں طویل اقتدار کے خاتمے کے بعد شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے اور ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس عوامی تحریک اور بدامنی کے دوران تقریبا 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔شیخ حسینہ استعفے کے مطالبے پر ملک بھر میں پھیلنے والے احتجاج کے بعد اگست 2024 میں ڈھاکا سے فرار ہو گئی تھیں۔ انہوں نے دسمبر میں اپنی مجوزہ واپسی سے قبل نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست دی تھی، جسے بنگلہ دیشی حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔
شمع عبید اسلام نے اتوار کو ایک انٹرویو میں کہا کہ جیسے ہی وہ بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی کوشش کریں گی، انہیں گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا ہم چاہتے ہیں کہ بھارت حوالگی کے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے انہیں ایک مجرم کے طور پر ہمارے حوالے کرے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل ہو سکے۔ انہیں اپنے کیے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ شیخ حسینہ کو واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجنے کے حوالے سے بھارت کے ساتھ کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھاکا، نئی دہلی کے ساتھ ایسے متوازن تعلقات چاہتا ہے جن میں بنگلہ دیش کے وقار، عزت نفس اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ بنگلہ دیش کے لیے کس قسم کی خارجہ پالیسی اپنانا چاہتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔