ہومپاکستاناسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کی سربراہی میں اعلی سطح پارلیمانی وفد آج پاکستان پہنچے گا

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کی سربراہی میں اعلی سطح پارلیمانی وفد آج پاکستان پہنچے گا

حافظ الدین احمد بیر بکرم کا دورہ پاکستان کسی بھی بنگلہ دیشی اسپیکر کا پہلا دورہ ہے

اسلام آباد (سب نیوز): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اپنے اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد کے ہمراہ آج سے پاکستان کا چھ روزہ سرکاری دورہ پر آج پاکستان پہنچے گا۔ بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ یہ دورہ کسی بھی بنگلہ دیشی اسپیکر کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔بنگلہ دیشی وفد کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پارلیمانی سطح پر تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، مفاہمت، رابطوں اور عوامی سطح پر قربت کو فروغ ملے گا۔

بنگلہ دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے اپنے مادرِ علمی کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جہاں پاکستان آرمی میں ان کے سابق ہم جماعت ان کا استقبال کریں گے۔ یہ ملاقات ان کے لیے پیشہ ورانہ اور تعلیمی وابستگی کے ساتھ ساتھ پرانی یادوں کی تجدید کا بھی باعث ہوگی۔

بنگلہ دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے 1968ء میں پاکستان کی فٹ بال ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے نمائندگی کی تھی۔ ان کی زندگی کے یہ تاریخی اور پیشہ ورانہ روابط پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ماضی کے مشترکہ تعلقات اور باہمی وابستگی کی ایک منفرد مثال ہیں۔

وفد میں جہارت آرا چوہدری بھی شامل ہیں، جو حال ہی میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ ان کے انتخاب کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستان کے پارلیمانی وفد نے آئی پی یو کے اجلاس کے دوران بھرپور حمایت کی اور ان کی کامیابی کے لیے مؤثر سفارتی و پارلیمانی روابط قائم کیے۔ پاکستان کی جانب سے اس حمایت کا مقصد بین الپارلیمانی سطح پر تعاون، باہمی احترام اور دوستانہ روابط کو فروغ دینا تھا۔

بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی آف پاکستان اے کے ایم فضل القادر چوہدری کے پوتے ہمام قادر چوہدری بھی شامل ہیں۔ اے کے ایم فضل القادر چوہدری 29 نومبر 1963ء سے 12 جون 1965ء تک پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے منصب پر فائز رہے۔ ان کی پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم حیثیت رہی ہے۔ ہمام قادر چوہدری کی وفد میں شمولیت اس دورے کو ایک منفرد تاریخی نسبت بھی فراہم کرتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کا یہ دورہ اس امر کا عکاس ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو نئی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ یہ دورہ دو ایسے برادر ممالک کے درمیان روابط کی بحالی اور قربت کے نئے امکانات پیدا کر رہا ہے جن کی تاریخ، ثقافت اور ماضی کے کئی حوالوں میں مشترکہ نسبت موجود ہے۔

دورۂ پاکستان کے دوران بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین سینیٹ، مختلف پارلیمانی فورمز اور اراکین پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، قانون سازی کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

بنگلہ دیشی وفد اپنے دورے کے دوران لاہور اور کراچی بھی جائے گا۔ لاہور میں وفد اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کرے گا اورلاہور کی تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ بھی کرے گا۔ اسی طرح کراچی میں وفد گورنر سندھ اور اسپیکر سندھ اسمبلی سے ملاقاتوں کے علاوہ مزارِ قائد اور دیگر تاریخی مقامات کا دورہ کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔