ہومپاکستانپاکستان اور کیوبا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور کیوبا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد: کیوبا کے سفیر عزت مآب ڈیمیان کورڈیرو ٹوریس نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور باہمی کاروباری مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کیوبا کے سفیر نے اپنے ملک میں جاری اقتصادی و سماجی اصلاحات، غیر ملکی تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے 24 سے 26 نومبر کو منعقد ہونے والے ہوانا انٹرنیشنل فیئر (FIHAV 2026) کے خصوصی ایڈیشن کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی کاروباری برادری کو کیوبا کے تجارتی اداروں سے براہ راست روابط قائم کرنے کی دعوت دی۔

ملاقات میں چاول، زرعی اجناس، ٹیکسٹائل، ملبوسات، ادویات، سرجیکل آلات، طبی سامان، آئی ٹی، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، کلاؤڈ سروسز اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ سولر انرجی، مائیکرو گرڈز، بیٹری اسٹوریج، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بھی باہمی تعاون کے اہم شعبے قرار دیا گیا۔

صدر آئی سی سی آئی محمد ذکریا اکبر ضیاء نے چیمبر کی بین الاقوامی تجارت، برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط، مشترکہ منصوبوں اور بی ٹو بی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کیوبا کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو پاکستان کے قدرتی حسن، خصوصاً شمالی علاقوں کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں ایگزیکٹو ممبران شاہد عباسی، ملک راشد طفیل، زوہیب ارشد ملک، سابق ایگزیکٹو ممبر اسحاق سیال، ممبر مبشر رفیق سنجرانی، سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ اور دیگر بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔