دبئی: عثمان طارق کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کے دوسرے میچ میں دبئی کیپیٹلز کو 55 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔ عثمان طارق نے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد روحید نے 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے دبئی کیپیٹلز کی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ فن ایلن نے 38 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ آندرے فلیچر نے 49 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 119 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔فن ایلن نے 29 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جارحانہ انداز برقرار رکھا، تاہم نور احمد نے 13ویں اوور میں ان کی وکٹ حاصل کرکے اوپننگ شراکت کا خاتمہ کیا۔ آندرے فلیچر بھی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد نور احمد کا شکار بنے۔ کپتان جیسن ہولڈر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ آخری اوور میں کریم جنت نے گل بدین نائب اور آندرے رسل کو پویلین بھیجا۔دبئی کیپیٹلز کی جانب سے دشمنتھا چمیرا اور کریم جنت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دبئی کیپیٹلز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ محمد روحید نے دوسرے اوور میں فاف ڈو پلیسی اور مسعود گرباز کو آؤٹ کرکے حریف ٹیم کو 4 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔ میکس ہولڈن تیسرے اوور میں جیسن ہولڈر کا شکار بنے، جبکہ سیم بلنگز اور حسن خان بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔مارکس اسٹوئنس نے 32 گیندوں پر 47 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ ٹام مورز نے 20 گیندوں پر 19 رنز اسکور کیے اور دونوں نے 46 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم عثمان طارق نے 13ویں اوور میں مورز کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا اور اگلی ہی گیند پر کریم جنت کو ایل بی ڈبلیو کرکے دبئی کیپیٹلز کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا۔عثمان طارق نے 15ویں اوور میں مارکس اسٹوئنس اور دشمنتھا چمیرا کو آؤٹ کرکے اپنی چار وکٹیں مکمل کیں، جبکہ محمد روحید نے 18ویں اوور میں نور احمد کو بولڈ کردیا۔ دبئی کیپیٹلز کی پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 112 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے 55 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔فن ایلن کو 74 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آئی ایل ٹی20 سیزن 5: عثمان طارق کی شاندار بولنگ، ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے میدان مار لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
