اسلام آباد(سب نیوز) پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رانجل نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کے دورہ پاکستان کے دوران اقتصادی فورم منعقد کیا جائے گا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے نمائش اور ثقافتی تقریب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ پالو رانجل نے پاکستان کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال دوطرفہ اور عالمی امور پر مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال، کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور مستقبل میں سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پرتگالی وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دورے کے دوران منعقد ہونے والا اقتصادی فورم دونوں ممالک کے کاروباری رہنماں، سرمایہ کاروں اور اداروں کو تجارت، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔پالو رانجل نے ثقافت کو قوموں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمائش اور اس کے ساتھ منعقد ہونے والا کنسرٹ پاکستان اور پرتگال کے عوام کے درمیان روابط کے فروغ کی وسیع صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے معروف پرتگالی شاعر لوئس ڈی کاموئنس کے لیے مختص نمائش کو بھی اجاگر کیا، جن کی ادبی تخلیقات اور بحرہند کے خطے میں سفر مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاموئنس کی تحریریں تاریخ کے انسانی پہلو کو نمایاں کرتی ہیں اور ثقافتی تبادلے، بقائے باہمی اور مختلف معاشروں کے احترام کا پیغام دیتی ہیں۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کو سراہتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی تعاون آنے والے برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔پاکستان اور پرتگال بزنس فورم 23 نومبر کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے منعقد ہوگا۔فورم میں پاکستان اور پرتگال کے کاروباری رہنما، سرمایہ کار، حکومتی نمائندے اور اداروں کے متعلقہ حکام شرکت کریں گے، جہاں تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری روابط، مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کے فروغ پر غور کیا جائے گا۔پاکستان میں پرتگال کے سفیر پالو میگوئل گڈس نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال نے 7 نومبر 1949 کو سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور دونوں ممالک تب سے باہمی احترام اور تعاون پر مبنی دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیاسی مکالمے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔پرتگالی وزیر خارجہ پالو رانجل کا ایک بڑے کاروباری وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری، ادارہ جاتی تعاون اور نئے سیاسی روابط میں تبدیل کرنے کا اہم موقع ہے۔یہ دورہ دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے اور عوام کے باہمی مفاد کے لیے تعاون کے نئے راستے کھولے جائیں۔
