کوئٹہ(آئی پی ایس ) بلوچستان کے ضلع دالبندین میں فتن الہندوستان کے دہشت گردوں نے تفتان سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر بھی اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 4 مسافر زخمی ہوگئے۔فتن الہندوستان کے دہشت گرد حواس باختہ ہو کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے لگے۔
زخمیوں میں عبید اللہ سکنہ نوشکی عمر 63 سال، وحید سکنہ کوئٹہ عمر 38 سال، فلک علی سکنہ کوئٹہ عمر 14 سال اور محسن سکنہ کوئٹہ عمر 34 سال شامل ہیں۔فتن الہندوستان کے دہشت گردوں نے 22 نومبر کو دالبندین این 40 پر تفتان سے کوئٹہ جانے والے ایک ٹرک کو روک کر آگ بھی لگا دی۔بلوچستان میں اپنے عزائم کی ناکامی پر فتن الہندوستان کے دہشتگرد مایوسی کا شکار ہیں جبکہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ان کے مکروہ ایجنڈے اور انسانیت دشمن چہرے کو آشکار کرتا ہے۔
معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا، ان کے روزگار کے ذرائع کو نذرِ آتش کرنا عکاس ہے کہ فتن الہندوستان کے دہشت گرد بلوچ عوام کے امن، انکے معاشی مستقبل اور ترقی کے دشمن ہیں۔
