ہومپاکستانفضل الرحمان کی غلط بات کو غلط ہی کہیں گے، پی ٹی آئی ماضی کے بیانات پر ان سے معافی مانگے، فیصل کریم کنڈی

فضل الرحمان کی غلط بات کو غلط ہی کہیں گے، پی ٹی آئی ماضی کے بیانات پر ان سے معافی مانگے، فیصل کریم کنڈی

پشاور (آئی پی ایس )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ میں سب سے بڑا کردار تحریک انصاف کا ہے، صوبے کے حالات بہتر ہونے پر گورنر راج ختم کردیا جائے گا۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ ہمارے ہاتھ سے نکل رہا تھا، تاہم جب حالات درست ہوجائیں گے تو گورنر راج بھی ختم ہوجائے گا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔

شوکت یوسفزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ میرا سوفٹ ویئر بالکل ٹھیک ہے، البتہ پی ٹی آئی ترجمان کا سوفٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، اسی لیے وہ ٹی وی پر نظر آتے ہیں۔ مجھے اپنی پارٹی کی جانب سے گالم گلوچ کی تربیت نہیں دی گئی۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سربراہ کے ساتھ ان کا احترام کا رشتہ ہے اور وہ ان کے اپنے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم ان کی کوئی بات غلط ہو تو اسے غلط ہی کہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو شہدا اور ریاست سے متعلق بعض معاملات پر اعتراض تھا، لیکن پی ٹی آئی کے رہنما ماضی میں مولانا کے بارے میں کیا کچھ کہتے رہے ہیں، انہیں اس پر معافی مانگنی چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے، اس جنگ میں شکست کا کوئی آپشن نہیں، عوام کے تعاون سے کامیابی حاصل کریں گے اور صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔گورنر نے کہا کہ گزشتہ 40 روز سے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پشاور کے قریب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے، صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔