ہومبریکنگ نیوزوسط مدتی انتخابات میں بڑی کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس کی ٹرمپ انتظامیہ کو مشکل میں ڈالنے کی تیاری

وسط مدتی انتخابات میں بڑی کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس کی ٹرمپ انتظامیہ کو مشکل میں ڈالنے کی تیاری

نیویارک (آئی پی ایس )امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں بڑی کامیابی کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے خلاف قانون سازی کا وسیع ایجنڈا تیار کرلیا ہے۔ ڈیموکریٹس 3 جنوری 2027 سے امریکی کانگریس کا کنٹرول سنبھالیں گے، جہاں وہ ٹرمپ انتظامیہ کے گزشتہ 2 سال کے اہم فیصلوں کو واپس لینے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈیموکریٹس دسمبر کے اوائل میں اپنے پہلے 100 دنوں اور اس کے بعد کے لیے قانون سازی کا منصوبہ سامنے لائیں گے۔ اس منصوبے کا اعلان سینیٹ میں قیادت کے انتخاب کے بعد متوقع ہے۔3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹس نے سینیٹ میں 56 نشستیں حاصل کیں، جبکہ ریپبلکنز کے حصے میں 44 نشستیں آئیں۔ ایوان نمائندگان میں بھی ڈیموکریٹس کو 257 کے مقابلے میں 172 نشستوں کے ساتھ واضح برتری حاصل ہوئی، جبکہ چند نشستوں کے نتائج ابھی باقی ہیں۔

تاہم سینیٹ میں کسی بھی اہم قانون سازی کی منظوری کے لیے درکار 60 ووٹ حاصل کرنے کے لیے ڈیموکریٹس کو ریپبلکن ارکان کی حمایت بھی درکار ہوگی۔ڈیموکریٹس کے ابتدائی منصوبوں میں صدر ٹرمپ کے ایران کے خلاف کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگی کارروائی کرنے کے اختیارات محدود کرنے سے متعلق قانون سازی شامل ہے۔اس کے علاوہ ریپبلکنز کی جانب سے میڈیکیڈ اور غذائی امداد کے پروگرام ایس این اے پی میں کی گئی بڑی کٹوتیوں کو واپس لینے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ کم آمدنی والے افراد کو علاج معالجے اور اشیائے خورونوش کے اخراجات میں ریلیف مل سکے۔

ڈیموکریٹس وفاقی کم از کم اجرت میں اضافے پر بھی زور دے رہے ہیں، جو 2009 سے 7.25 ڈالر فی گھنٹہ پر برقرار ہے۔ ترقی پسند رہنما اسے بڑھا کر 20 سے 25 ڈالر فی گھنٹہ کرنے کے خواہاں ہیں۔کانگریس ارکان کی جانب سے حصص کی اندرونی معلومات کی بنیاد پر خرید و فروخت روکنے کے لیے قانون سازی بھی ابتدائی ترجیحات میں شامل ہے۔ڈیموکریٹک پارٹی کے ترقی پسند رہنما اس سے بھی زیادہ وسیع اصلاحات چاہتے ہیں، جن میں اسرائیل کی امداد بند کرنا، مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر پر عارضی پابندی، امیر طبقے پر ٹیکس بڑھانا اور انتخابی مہم کے مالیاتی قوانین میں تبدیلی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ترقی پسند ارکان جامع امیگریشن اصلاحات، عالمی سطح پر صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مشی گن سے منتخب ہونے والے 36 سالہ ڈیموکریٹ رکن کانگریس ولیم لارنس نے کہا کہ ٹیکنالوجی، بجلی اور دیگر بڑے شعبوں میں اجارہ داری کے خلاف اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کے بقول جمہوریت کے تحفظ کی بات تو بہت ہوتی ہے، لیکن معیشت میں بھی زیادہ جمہوریت کی ضرورت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔