ہومپاکستاناسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت کرکے تجاوز کرتی ہے، حکومت جہاں کھڑی ہے، وہیں رک جائے،مولانا فضل الرحمان

اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت کرکے تجاوز کرتی ہے، حکومت جہاں کھڑی ہے، وہیں رک جائے،مولانا فضل الرحمان

پشاور (سب نیوز)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جہاں کھڑی ہے، وہیں رک جائے، بصورت دیگر جمعیت علما اسلام سڑکوں پر آئے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلوں کا رخ بھی کرے گی، مفتی محمود مرکز تجاوزات میں نہیں، آپ تجاوزات ہیں، اسٹیبلشمنٹ تجاوز کرتی ہے، ہماری سیاست میں مداخلت کرتی ہے، آپ کا پاکستان کی سیاست سے کیا کام ہے؟ اپنے دائرے میں رہو، تم تجاوزکرتے ہو، تم ہمارے پختونخوا کے معدنی ذخائر چوری کرتے ہو،ہمیں صرف چور نہیں اس کا مرکز بھی معلوم ہے۔
امیر جے یوآئی مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں نمازجمعہ کے اجتماع کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں، جن قوتوں نے جے یو آئی کے خلاف انتقامی کاروائیاں شروع کیں، ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا۔مولانافضل الرحمن نے کہاکہ ہم بہت تجربہ کار لوگ ہیں،ہماری پشت پر سو سال سے زیادہ کی تاریخ ہے،نوجوانوں کے لئے اپنی تاریخ سے زیادہ کوئی چیز قیمتی نہیں،ان شا اللہ اپنی اس تاریخ کی حفاظت کریں گے،ڈروگے تو نہیں؟ تھکوگے تو نہیں ؟،انہوں نے کہاکہ میں اتنی بات کرتا ہوں کہ ہر کسی کو چھیڑو پر ہمیں مت چھیڑو، ہم سے جان چھڑانی مشکل ہوجائے گی، ہمارے پاس اسلحہ نہیں، ڈنڈے نہیں، ہم سیاسی جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس اسلحہ بھی ہے ،حکومتی طاقت بھی لیکن نہتے ہاتھوں سے آپ کو شکست دیں گے،اس حکومت کو بنے ڈھائی سال ہو گئے اور یہ ہماری منتیں کرتے رہے کہ حکومت میں شامل ہوجائیں،یہ کہتے رہے کہ آپ کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی’صوبائی حکومت لے لیں۔مولانافضل الرحمن نے کہا کہ جب جعلی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار کیا تو فائلیں کھولنے کی دھمکی دیتے ہیں، یہ فائلیں آپ کے منہ پر ماریں گے، جتنا زور لگا سکتے ہو، لگالو، پورے پاکستان میں ایک آدمی ان کو نہیں ملا جو کہے کہ میرا تعلق جمعیت کے ساتھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے حوصلے بلند ہیں’ یہ بہت ڈھیٹ لوگ ہیں، کبھی گھر کے سامنے کھڑے جنریٹر ہٹانے کا کہتے ہیں تو کبھی کیبن کی بات کرتے ہیں، کبھی یہاں مرکز آکر کہتے ہیں کہ یہ تجاوزات میں ہے، مفتی محمود مرکز تجاوزات میں نہیں، آپ تجاوزات ہیں، اسٹیبلشمنٹ تجاوز کرتی ہے، ہماری سیاست میں مداخلت کرتی ہے۔
قائد جمعیت نے کہا کہ آپ کا پاکستان کی سیاست سے کیا کام ہے؟ اپنے دائرے میں رہو، تم تجاوزکرتے ہو، تم ہمارے پختونخوا کے معدنی ذخائر چوری کرتے ہو، ہم نے آپ کی چوری آشکارہ کی تو آپ ناراض ہو گئے اس بات پر، ہم اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے، ہم سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے حقوق کا تحفظ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ جہاں جہاں چوری کرتے ہو ہمیں معلوم ہوجاتا ہے، ہمیں صرف چور نہیں اس کا مرکز بھی معلوم ہے، ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح رہیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔