کراچی (سب نیوز) پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے کراچی میں پاکستان آرٹس کونسل کے چیئرمین احمد شاہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور فنونِ لطیفہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کراچی کے دورے کے دوران ہونے والی اس ملاقات میں تاجکستان کے اسٹیٹ سمفنی آرکسٹرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر نصرت اللہ محمودلو بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے فنکاروں اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کے درمیان روابط بڑھانے، مشترکہ ثقافتی پروگراموں کے انعقاد اور فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر تاجکستان کے اسٹیٹ سمفنی آرکسٹرا کی ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026 میں شرکت کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ یہ عالمی ثقافتی میلہ کراچی میں پاکستان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے شعبوں میں باہمی تعاون جاری رکھنے، مشترکہ منصوبوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو عملی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
سفیر یوسف شریف زادہ اور احمد شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی تبادلے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
