اسلا م آباد (سب نیوز)سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی قیادت نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مشترکہ خط لکھ دیا۔
شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید نے وکیل رانا مدثر عمر کی وساطت سے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام خط لکھا۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی رہنماوں کو بغیر ٹھوس شواہد کے مقدمات اور سزاں کا سامنا ہے۔ متن میں مزید کہا گیا کہ کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کا مطالبہ نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عملدرآمد تو یقینی بنائیں۔
قید پی ٹی آئی قیادت نے خط میں عمران خان اور بشری بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ خط کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔عمران خان کے طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود عمران خان کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
خط میں چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے ملک میں جیل اصلاحات کے لیے قومی سطح پر اقدامات کا حوالہ بھی شامل ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ جیل اصلاحات کا مقصد قیدیوں کے حقوق، انسانی وقار، بحالی اور احتساب کو یقینی بنانا ہے۔ سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا جیل اصلاحات کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے۔قید پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے۔
خط میں سابق وزیراعظم عمران خان اور اہلیہ بشری بی بی کو فوری طبی سہولیات، ڈاکٹروں تک رسائی اور علاج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔عمران خان اور بشری بی بی کے طبی معائنے اور فالو اپ علاج میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔خط میں عمران خان کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ قید سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کے زیرالتوا مقدمات اور اپیلوں پر غیرجانبدارانہ اور فوری فیصلے کیے جائیں۔خط میں سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک عدالتی کارروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے۔ عدلیہ کی آزادی، وقار اور آئینی اختیار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے تو کم از کم عدلیہ اپنے احکامات پر عملدرآمد تو کروائے۔
تحریک انصاف کی اسیر قیادت کا چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
