اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن کا ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور وزیرِ پیٹرولیم کی قیادت میں نافذ کردہ ایل پی جی اصلاحات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے۔اسی سلسلے میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کارگو لے کر جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا، یہ تاریخی کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل، پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا ہے۔نئے نظام کے تحت اس پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری مرزا ناصر الدین مشہود نے کہا کہ عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور 15 ہزار میٹرک ٹن کا یہ ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے ملک میں اس کی دستیابی بہتر ہوگی اور اس کی قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق ماضی میں مختلف رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم اب حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اس اقدام سے موسمِ سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی کو بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی، جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد بھی متوقع ہے۔
پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن کا ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
