تحریر: جیانگ زیڈونگ، سفیر عوامی جمہوریہ چین برائے پاکستان
چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کی 20ویں مرکزی کمیٹی کا پانچواں کل رکنی اجلاس 26 سے 29 اکتوبر تک بیجنگ میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے ایک اہم خطاب کیا، جبکہ مرکزی کمیٹی کی جانب سے ’’پارٹی کے نظم و ضبط اور خود احتسابی کو ہمہ گیر طور پر برقرار رکھنے سے متعلق بعض اہم امور کی قرارداد‘‘ پر غور کے بعد اسے منظور کیا گیا۔
یہ اہم اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا جب کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اپنے قیام کی 105ویں سالگرہ کی جانب بڑھ رہی ہے، چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کا سفر ایک اہم مرحلے میں داخل ہے اور ملک اپنے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے ابتدائی سال میں ہے۔ اجلاس چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی قیادت، جس کا محور کامریڈ شی جن پنگ ہیں، کے اس تاریخی عزم کا بھرپور اظہار کرتا ہے کہ پارٹی اور ریاست کی تعمیر و ترقی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ یہ اجلاس پارٹی کے اندر خود احتسابی اور اصلاحات کے عمل کو آخری حد تک آگے بڑھانے کے پختہ عزم اور واضح مؤقف کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
بلاشبہ یہ اجلاس پوری پارٹی اور ملک کے تمام نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے عوام کو نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ نئے دور کے سفر میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب دے گا۔
اس وقت ہم جنرل سیکریٹری شی جن پنگ کے اہم خطاب اور پانچویں کل رکنی اجلاس کے پیغام کا گہرائی سے مطالعہ اور اس پر عمل درآمد کر رہے ہیں تاکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے، چینی عوام کو متحد کرکے تیز رفتار اقتصادی ترقی اور طویل المدتی سماجی استحکام کے دو عظیم معجزات کو مسلسل آگے بڑھایا جائے اور چینی طرز کی جدیدیت کے نئے امکانات پیدا کرتے ہوئے عالمی سطح پر سیاسی جماعتوں کے نظم و نسق اور حکمرانی میں بھی مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔
چین کا آہنی دوست اور ہر موسم کا اسٹریٹجک شراکت دار ہونے کے ناطے پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دوستوں کے ساتھ میں اس اجلاس کے حوالے سے چند اہم نکات کا تبادلہ کرنا چاہتا ہوں۔
اول: پانچویں کل رکنی اجلاس کا سب سے اہم نتیجہ قرارداد کی منظوری ہے۔
چین کے قومی اہداف کے حصول کے لیے بنیادی اہمیت کمیونسٹ پارٹی کی اپنی مضبوطی اور بالخصوص پارٹی کے نظم و ضبط اور خود احتسابی کو ہمہ گیر انداز میں برقرار رکھنے کی ہے۔
چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے نئے دور میں داخل ہونے کے بعد سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے ہمہ گیر اور سخت پارٹی نظم و نسق کو اپنی اصلاح و بہتری کا بنیادی موضوع بنایا ہے اور اس عمل کو مسلسل آگے بڑھایا ہے۔
2012ء میں جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے سی پی سی کی 18ویں مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان اور ملکی و غیر ملکی صحافیوں کے درمیان ملاقات کے دوران واضح کیا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پارٹی کے تمام ارکان کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ پارٹی منظم اور سخت نظم و ضبط کی پابند ہو۔
2014ء میں صوبہ جیانگ سو کے دورے کے دوران انہوں نے واضح طور پر ’’پارٹی کے نظم و نسق کو ہمہ گیر اور سخت بنانے‘‘ کا تصور پیش کیا۔ 2016ء میں سی پی سی کی 18ویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے کل رکنی اجلاس میں خصوصی طور پر اسی موضوع پر توجہ مرکوز کی گئی۔
2017ء میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 19ویں قومی کانگریس کے دوران ’’خود نگرانی اور ہر پہلو سے خود احتسابی کو مضبوط بنانے‘‘ کے اصول کو نئے دور میں پارٹی کی تعمیر کے بنیادی تقاضوں میں شامل کیا گیا اور اسے پارٹی کے آئین کا حصہ بنایا گیا۔
اسی طرح 2022ء میں سی پی سی کی 20ویں قومی کانگریس نے پارٹی کے ہمہ گیر اور سخت نظم و نسق کو برقرار رکھنے اور نئے دور میں پارٹی کی تعمیر کے عظیم منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا۔
رواں سال جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر بھی اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کے نظم و نسق اور خود احتسابی کے عمل کو ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔
ان مسلسل کوششوں کے نتیجے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے نئے دور میں پارٹی کی اصلاح، مضبوطی اور تنظیمی تعمیر کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے فروغ کے لیے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ یہ کامیابیاں بنیادی طور پر کامریڈ شی جن پنگ کی قیادت میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی رہنمائی اور نئے دور میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم سے متعلق شی جن پنگ کے نظریات کی سائنسی رہنمائی کا نتیجہ ہیں۔
تاہم عالمی منظرنامے، قومی حالات اور پارٹی کی داخلی صورتحال میں گہری تبدیلیوں کے باعث پارٹی کے ہمہ گیر اور سخت نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے حوالے سے نئے چیلنجز بھی سامنے آئے ہیں۔ قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ، اصلاحات اور ترقی کو آگے بڑھانے، سماجی ہم آہنگی و استحکام برقرار رکھنے اور پارٹی کے اپنے ترقی پسند اور دیانت دارانہ کردار کو محفوظ بنانے کی ذمہ داریاں پہلے سے زیادہ اہم اور پیچیدہ ہو گئی ہیں۔
اسی تناظر میں سی پی سی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس نے مذکورہ قرارداد کا جائزہ لے کر اسے منظور کیا۔ قرارداد میں پارٹی کے ہمہ گیر اور سخت نظم و نسق کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے رہنما اصول، بنیادی تقاضے، اسٹریٹجک اہداف اور اہم اقدامات واضح کیے گئے ہیں۔
یہ قرارداد پارٹی کی خود اصلاحی کے عمل کے حوالے سے بڑھتی ہوئی شعوری آگاہی اور مضبوط عزم کی عکاس ہے اور ایک صدی پرانی سیاسی جماعت کے اپنے نظم و نسق اور تنظیمی مضبوطی کے لیے نئے امکانات پیدا کرتی ہے۔ یہی اس اجلاس کا سب سے اہم نتیجہ ہے۔
جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے خود اس قرارداد کی تیاری کے لیے قائم ڈرافٹنگ گروپ کی سربراہی کی، پورے عمل کے دوران رہنمائی فراہم کی اور بنیادی سمت کا تعین کیا۔ اس عمل میں ان کا کردار فیصلہ کن رہا، جو ایک بڑی سیاسی جماعت اور بڑی ریاست کے رہنما کے شایانِ شان سیاسی جرات اور احساسِ ذمہ داری کا مظہر ہے۔
ہمیں مکمل یقین ہے کہ جنرل سیکریٹری شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت اور پارٹی کی تعمیر سے متعلق ان کے نظریات کی سائنسی رہنمائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا قرارداد میں طے کردہ تمام اہداف اور اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کرے گی اور چینی عوام کو متحد کرکے چینی طرز کی جدیدیت کے ذریعے ایک عظیم ملک کی تعمیر اور قومی نشاۃ ثانیہ کے عظیم مقصد کو آگے بڑھائے گی۔
دوم: پانچویں کل رکنی اجلاس کی نمایاں خصوصیت شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات پر جامع عمل درآمد ہے۔
قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ نئے دور میں پارٹی کی نگرانی، نظم و نسق، ترقی اور مضبوطی کے عمل کے دوران کامریڈ شی جن پنگ کی قیادت میں مرکزی کمیٹی نے اس بنیادی سوال کا جواب دینے کے لیے متعدد نئے تصورات، افکار اور حکمت عملیاں پیش کی ہیں کہ ایک طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والی مارکسی سیاسی جماعت کیسی ہونی چاہیے اور اس کی تعمیر کس طرح کی جانی چاہیے۔ ان تمام نظریات نے مل کر ’’شی جن پنگ کا نظریہ برائے پارٹی کی تعمیر‘‘ تشکیل دیا ہے۔
قرارداد میں اس نظریے کا گہرائی سے مطالعہ کرنے اور اسے عملی طور پر نافذ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اگر قرارداد کی منظوری اس اجلاس کا سب سے اہم نتیجہ ہے تو شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات پر جامع عمل درآمد اس کی سب سے نمایاں خصوصیت ہے۔ قرارداد میں پیش کیے گئے اسٹریٹجک منصوبے اور اہم اقدامات دراصل انہی نظریات کو عملی شکل دینے کی کوشش ہیں۔
مثال کے طور پر قرارداد میں کمیونسٹ پارٹی کے ارکان کے نظریاتی اور اخلاقی کردار کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے، جو پارٹی کے مضبوط نظریاتی تشخص اور کردار کی تشکیل کے اصول سے مطابقت رکھتا ہے۔
اسی طرح قومی نشاۃ ثانیہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی صلاحیت رکھنے والے اعلیٰ معیار کے عہدیداروں کی تیاری کا عزم بھی پارٹی کی تعمیر سے متعلق اسی نظریے کا عملی اظہار ہے۔ اس کے علاوہ طرزِ عمل کی اصلاح، نظم و ضبط کو مزید سخت بنانے اور مسلسل احتساب کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات نہ صرف کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو بنیادی رہنمائی اور عملی سمت فراہم کرتے ہیں بلکہ دنیا کی دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے بھی چینی دانش اور چینی حل پیش کرتے ہیں۔
اس وقت عالمی منظرنامے میں ایک صدی میں نہ دیکھی جانے والی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں اور دنیا غیر یقینی صورتحال، کشیدگی اور تبدیلی کے ایک نئے دور سے گزر رہی ہے۔ انسانیت ایک بار پھر تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑی ہے۔ دنیا بھر کی سیاسی جماعتوں کو بھی اس مشترکہ چیلنج کا سامنا ہے کہ انہیں کس نوعیت کی سیاسی جماعت بننا چاہیے اور اپنی تنظیمی و حکومتی صلاحیتوں کو کس طرح بہتر بنانا چاہیے۔
ایسے اہم موقع پر شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات ایک عالمی نقطہ نظر کے تحت پارٹی کی داخلی ترقی کو انسانیت کے مشترکہ مستقبل سے منسلک کرتے ہیں۔ یہ نظریات خصوصاً ترقی پذیر ممالک کی سیاسی جماعتوں کو اپنی تنظیمی صلاحیتیں مضبوط بنانے، ترقی کے آزادانہ راستے تلاش کرنے اور جدیدیت کے اہداف حاصل کرنے کے لیے قابلِ قدر رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
یہ نظریات انسانی سیاسی تہذیب کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنما اس بات میں دلچسپی لے رہے ہیں کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی کامیابی کے بنیادی اسباب کیا ہیں۔
اسی مقصد کے تحت ہم دنیا بھر کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں، باہمی احترام، قریبی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔ ہم مختلف النوع اور متعدد سطحوں پر سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون اور تبادلوں کا ایک بین الاقوامی نیٹ ورک قائم کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل پر مبنی برادری کی تعمیر کے لیے اجتماعی قوت کو یکجا کیا جا سکے۔
ہمیں یقین ہے کہ شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات پر جامع عمل درآمد اور چینی طرز کی جدیدیت کو بھرپور انداز میں آگے بڑھانے سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے نظم و نسق اور چین کی حکمرانی کے تجربات دنیا بھر کی سیاسی جماعتوں اور ریاستوں میں حکمرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مزید مؤثر ثابت ہوں گے۔ اس سے عالمی ترقی میں استحکام اور یقین کی نئی فضا پیدا ہوگی اور انسانی سیاسی تہذیب کی ترقی میں چین کا کردار مزید نمایاں ہوگا۔
سوم: پاکستان میں پانچویں کل رکنی اجلاس کے پیغام پر عمل درآمد کا ہمارا سب سے عملی اقدام دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں اور باہمی سیکھنے کے عمل کو مضبوط بنانا ہے تاکہ مشترکہ ترقی حاصل کی جا سکے۔
پانچویں کل رکنی اجلاس کے اختتام کے صرف دو روز بعد کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے وزیر لیو ہائی شینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران وفد نے پاکستانی قیادت، مختلف سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے انہیں سی پی سی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس کے اہم نتائج سے آگاہ کیا اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ساتھ ’’شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تبادلہ خیال کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس اجلاس کے لیے تہنیتی پیغامات ارسال کیے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کا سفر ایک نئے اور روشن باب میں داخل ہو چکا ہے اور چین عالمی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں ایک اہم ستون بن گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریات حکمرانی کے نظریے اور عملی تجربے کا ایک غیر معمولی امتزاج ہیں، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو عوام مرکز حکمرانی کے راستے پر کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان نظریات نے پارٹی کے اہداف کو عوام کی خواہشات سے ہم آہنگ کیا ہے اور چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور جدیدیت کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یہ تجربات گلوبل ساؤتھ کے ممالک کی سیاسی جماعتوں کے لیے ترقی کے راستے تلاش کرنے اور پائیدار حکمرانی کے نظام کو فروغ دینے میں قابلِ قدر رہنمائی فراہم کرتے ہیں، جبکہ پاکستان بھی ان تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے اعلیٰ سطح کا سیاسی اعتماد اور عملی تعاون موجود ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی کے ٹھوس مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، جو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کا ایک اہم اور نمایاں منصوبہ ہے، مستقبل میں بھی اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک طاقتور محرک ثابت ہوگی۔
یہ اہم بیانات اس امر کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان، چین کا آہنی دوست اور ہر موسم کا اسٹریٹجک شراکت دار ہونے کے ناطے، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے نظم و نسق اور چین کی حکمرانی کے عالمی کردار اور اہمیت کو بخوبی سمجھتا ہے۔ اس کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ جب چین ترقی کرتا ہے تو دنیا بھی بہتر ہوتی ہے اور چین پاکستان تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔
جیسا کہ جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے متعدد مواقع پر واضح کیا ہے کہ چینی عوام نہ صرف اپنے لیے بہتر زندگی کے خواہاں ہیں بلکہ دنیا کے تمام ممالک کے عوام کو بھی خوشحال اور بہتر زندگی گزارتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
یہ سوچ نئے دور میں چین پاکستان تعلقات کی ترقی میں واضح طور پر نظر آتی ہے۔ جنرل سیکریٹری شی جن پنگ پاکستان کی قومی ترقی اور عوامی معیارِ زندگی میں بہتری کے حوالے سے ہمیشہ خصوصی دلچسپی اور حمایت کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے لیے چین کی دوستانہ پالیسی پاکستان کے تمام عوام کے لیے ہے اور سی پیک کے منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ترتیب میں پاکستان کے تمام علاقوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے تاکہ ترقی کے ثمرات ملک کے ہر شہری تک پہنچ سکیں۔
ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کی خصوصی توجہ اور مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں سی پیک کا اپ گریڈڈ ورژن ’’سی پیک 2.0‘‘ بتدریج آگے بڑھ رہا ہے اور چین پاکستان عملی تعاون مزید وسیع شعبوں میں اعلیٰ معیار کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔
صنعتی شعبے میں چینی کمپنیاں ہائیر اور چیلنج پاکستان میں نئے صنعتی پارکس قائم کریں گی، جن سے 35 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
زراعت کے شعبے میں چین نے پاکستان کو جانوروں کی اہم بیماریوں کی روک تھام اور مؤثر کنٹرول کے لیے ویٹرنری ویکسین کی تین لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔ اس اقدام سے مویشی پالنے والے کسانوں کی آمدنی اور زرعی پیداوار کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان زرعی تجارت کا حجم 94 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ اس تجارت میں پاکستان کو 24 کروڑ ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل ہوا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 185.5 فیصد زیادہ ہے۔
عوامی فلاح و بہبود کے شعبے میں چین صوبہ بلوچستان میں ’’ہنڈرڈ تھاؤزنڈ اے ہنڈرڈ تھاؤزنڈ‘‘ (Hundred-Thousand-A Hundred Thousand) کے عنوان سے ایک اہم عوامی فلاحی منصوبے کو فعال انداز میں آگے بڑھا رہا ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے سات اضلاع میں واقع 100 زچہ و بچہ اسپتالوں اور طبی شعبوں کو 33 مختلف اقسام کے مجموعی طور پر 87 ہزار 267 طبی آلات، سامان اور طبی ضروریات کی اشیا فراہم کی گئی ہیں۔ اس تعاون میں بنیادی سطح پر طبی سہولیات اور آلات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے تاکہ حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو لاحق سنگین طبی خطرات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
یہ تمام عملی اور عوامی سطح پر براہِ راست فائدہ پہنچانے والے چھوٹے مگر مؤثر منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سی پیک محض اقتصادی راہداری نہیں بلکہ عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کی راہداری بھی ہے۔ ایسے منصوبے چین اور پاکستان کی ہر موسم کی دوستی کو دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں مزید گہرا اور مضبوط بنا رہے ہیں۔
ہم چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس کے کامیاب انعقاد کو ایک اہم موقع سمجھتے ہیں۔
ہم پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد، پارٹی اور ریاستی نظم و نسق کے تجربات کے تبادلے کو مزید گہرا اور وسیع کرنے اور ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو نئی توانائی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ہماری خواہش ہے کہ چینی طرز کی جدیدیت کے نئے ثمرات برادر پاکستانی عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے مزید مواقع پیدا کریں اور نئے دور میں چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز رفتار بنایا جا سکے، تاکہ دونوں ممالک کی دوستی، تعاون اور مشترکہ ترقی کا سفر مزید مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھے۔
