ہومپاکستانحکومتی تجویز منظور ، الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ

حکومتی تجویز منظور ، الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت کی تجویز منظور کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب کے 21جبکہ دوسرے مرحلے میں 20اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کی جانب سے دو مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تجویز قبول کرلی ہے۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ الیکشن کمیشن چوہدری ندیم قاسم نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کردیا ہے اور مراسلے کے مطابق پنجاب کے 41 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے، پہلے مرحلے میں 21 اضلاع جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی 20 اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں گے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں چکوال، تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی، مری، ڈیرہ غازی خان، تونسہ،بہاولپور ،لاہور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔اسی طرح دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔