ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے کا ممبر انوائرمنٹ کے ہمراہ بابر پارک کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ

چیئرمین سی ڈی اے کا ممبر انوائرمنٹ کے ہمراہ بابر پارک کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی اور دیگر متعلقہ سنئیر افسران کے ہمراہ بابر پارک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ کیا۔متعلقہ سنئیر افسران اور آرکیٹیکٹ نے چیئرمین سی ڈی اے کو بابر پارک منصوبے پر تازہ ترین پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ علامت بابر پارک کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ازبک ڈیزائنرز اور ماہرین کے تعاون سے بابر پارک کو عالمی معیار کا تفریحی مقام بنایا جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہریوں کو صحتمندانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے پارک میں اعلی معیار کے جوگنگ ٹریکس بھی تعمیر کئے جارہے ہیں اور پارک میں مختلف کھیلوں کی سہولیات پر کام جاری ہے جن میں ٹیبل ٹینس، پیڈل ٹینس، بیڈ مینٹن اور دیگر کھیلوں کے کورٹس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ اسی طرح بچوں کیلئے کڈز پلے ایریا جسمیں مختلف جھولے نصب کئے جارہے ہیں اور شہریوں کیلئے پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری بھی تعمیر کی جاری ہے۔
جبکہ پارک میں بیٹھنے کیلئے بینچز اور صفائی ستھرائی کیلئے ڈسٹ بینز نصب کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ بابر پارک میں دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ماحول دوست شجرکاری بھی کی جارہی ہے اور پارک کے چاروں اطراف فینس نصب کرنے کیساتھ ساتھ مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت لائٹس نصب کرنے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ بروقت تکمیل کے بعد بابر پارک کا شمار دارالحکومت اسلام آباد کے پر سکون اور نمایاں تفریحی مقامات میں شمار ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر پارک دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی دوستی اور روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کریگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔