اسلام آباد: ایف آئی اے اسلام آباد زون نے غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 60/2026 میں نامزد ایک اور اہم ملزم نورالوہاب کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کیس میں اس سے قبل بھی متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ملزم غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری کے نیٹ ورک کا اہم رکن تھا اور بطور فلیبوٹومسٹ ای شفا لیبز، تخت بھائی میں ملازمت کرتا رہا۔ ملزم دیگر نامزد ملزمان کے ساتھ ملی بھگت سے گردوں کی پیوندکاری کے خواہشمند مریضوں کے لیے مختلف ڈاکٹروں کے نام سے جعلی میڈیکل نسخے تیار کرتا تھا۔
ملزم اصل ڈونرز کے بجائے مریضوں کے اہل خانہ کے شناختی کارڈز استعمال کرتے ہوئے ڈونرز کے نمونوں کو مریضوں کے اہل خانہ سے منسوب ظاہر کرتا تھا۔ اس طرح ڈونرز کے جعلی کوائف تیار کرکے گردوں کی پیوندکاری کے لیے درکار مختلف میڈیکل ٹیسٹ، جن میں HLA Tissue Typing، PRA، Cross Match اور DSA شامل ہیں، کروانے میں سہولت فراہم کرتا تھا۔
ملزم اس غیر قانونی عمل کے عوض بھاری رقوم بھی وصول کرتا تھا۔ دورانِ تفتیش سامنے آنے والے شواہد ملزم کے مبینہ کردار اور نیٹ ورک میں اس کی شمولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔
