ہومبریکنگ نیوزخیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سوئس سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سوئس سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے نئے سفیر اسٹیفن رے نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون کے فروغ، نئے معاہدوں، اسٹوڈنٹ ڈپلومیسی اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن اینی میٹر اور سویزرلینڈ سفارتخانے کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے.
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات، صوبے بالخصوص نامزد اضلاع کی ترقیاتی ترجیحات، غیر قانونی کان کنی کی روک تھام اور کاربن کریڈٹ کے شعبے میں تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے، کیونکہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا براہ راست تعلق پائیدار امن سے ہے۔ صوبے میں امن و استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی اور ترقی کا پہیہ تیزی سے آگے بڑھے گا۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سیاحت، معدنیات، تیل اور گیس سمیت بے شمار قدرتی وسائل سے مالامال ہے، جن میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صوبے بالخصوص نامزد اضلاع کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت نے 160 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج فراہم کیا ہے۔ انہوں نے سوئس سفیر کو حالیہ منرل انویسٹمنٹ فورم، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ اور صوبائی انویسٹمنٹ کمپنی کے قیام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں کاربن کریڈٹ کے امکانات اور اس شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ہونے والی ملاقات اور صوبے میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی سفیر کو آگاہ کیا۔
گورنر نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو خیبرپختونخوا میں منعقد ہونے والے پولو فیسٹیول اور اسکیئنگ ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی خدمات اور تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے انسانی ہمدردی، قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی امداد اور متاثرہ افراد کی بحالی کے شعبوں میں آئی سی آر سی کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بین الاقوامی اداروں کے تجربات اور تعاون سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔