اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمانی سفارت کاری پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پارلیمانیں عوام کے درمیان دوستی اور تعاون کے مستقل پل ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے اٹلی کے اعلی سطحی وفد نے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی۔ وفد میں سفیر ریکارڈو گوارگلیا، سیکرٹری جنرل، وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون اٹلی؛ سفیر اوگو چیئرلاتانی، پاکستان میں اٹلی کے سفیر؛ سفیر نکولیٹا بومباردیئر، ڈائریکٹر جنرل، وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون اٹلی؛ اور مسٹر رابرٹو نیچیا، ڈپٹی ہیڈ آف مشن، سفارت خانہ اٹلی شامل تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری، علاقائی و عالمی صورتحال اور تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری اور عالمی کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں اہم ہیں، پاکستان اور کمبوڈیا میں دو کامیاب انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنسز کا انعقاد، تیسری انڈونیشیا میں ہوگی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پارلیمانی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مستقل بنیادیں فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا میں دو کامیاب بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنسز منعقد ہو چکی ہیں، جبکہ تیسری کانفرنس انڈونیشیا میں ہوگی۔ انہوں نے عالمی کشیدگی میں کمی اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اٹلی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی، صنعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائے۔ انہوں نے اٹلی میں مقیم تقریبا تین لاکھ پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا اور ہنرمند پاکستانیوں کے لیے تین سال میں 10,500 روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔
اطالوی وفد نے بتایا کہ تقریبا 3,500 پاکستانی طلبہ اٹلی کی جامعات میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ تقریبا 30 اطالوی جامعات نے پاکستانی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدے کیے ہیں۔ وفد نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے فیصل آباد میں پاکستان اٹلی ٹیکسٹائل سینٹر اور لاہور میں فٹ ویئر سینٹر کے ذریعے فنی تعلیم میں اٹلی کے تعاون کو سراہا اور گندھارا تہذیب سمیت پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اٹلی کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے پارلیمانی، اقتصادی اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دیرینہ دوستی مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
