اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ علاقائی تعاون کا احیا خطے کے استحکام، پائیدار ترقی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔
30ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کانفرنس کے اختتام پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے علاقائی تعاون اور مشترکہ شراکت داری کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباو اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے موجودہ دور میں رکن ممالک کے درمیان مضبوط روابط اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ای سی او کی چیئرمین شپ کے پہلے سال کے دوران اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی کہ رکن ممالک کے درمیان مضبوط روابط قائم ہوں اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ کانفرنس میں ای سی او وژن 2035 کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دینے اور اس پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ان کے مطابق کانفرنس میں علاقائی تعاون، مشترکہ شراکت داری اور رکن ممالک کے درمیان روابط کے فروغ کو مرکزی اہمیت حاصل رہی، جبکہ مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے 2025 میں ای سی او کی صدارت کرنے پر وہ قازقستان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ اور پائیدار ترقی پر قازقستان کی توجہ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں پیشرفت خطے کے ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی تعاون کا احیا ایک مضبوط اور مستحکم خطے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔یہ عمل ماضی میں کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ مستقبل کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کا بھی ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کی بحالی ہمارے سامنے موجود چیلنجز اور مستقبل کے مواقع، دونوں کی عکاسی کرتی ہے، اس لیے رکن ممالک کو باہمی رابطوں اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے آگے بڑھنا ہوگا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دبا اور ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں نے علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک کو درپیش بہت سے چیلنجز قومی سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ ان کی نوعیت سرحدوں سے ماورا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے انفرادی کوششیں کافی نہیں ہوں گی۔انہوں نے قریبی رابطہ کاری، باہمی مشاورت اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ چیلنجز کا مثر مقابلہ کرنے اور خطے میں ترقی و استحکام کے اہداف حاصل کرنے کے لیے رکن ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اسحاق ڈار کے مطابق 30ویں ای سی او کانفرنس میں پاکستان کی صدارت کے دوران علاقائی تعاون کے احیا، مشترکہ شراکت داری، مضبوط روابط اور ای سی او وژن 2035 پر عملدرآمد کو خصوصی اہمیت دی گئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا ہے ان کے اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری معاملات بھی زیر بحث آئے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیاں عائد ہیں، تاہم پاکستان کا مقف ہے کہ تمام فریقین کے ساتھ رابطے برقرار رکھتے ہوئے اسلام آباد مفاہمت پر عملدرآمد کے لیے کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔ہم نے اپنی امید کا دامن نہیں چھوڑا اور پاکستان مثبت پیشرفت کے لیے پرامید ہے۔انہوں نے کہا کہ پابندیاں ہمیشہ کے لیے نہیں رہتیں، جیسے ہی ایران پرعائد پابندیاں ختم ہوں گی، حالات معمول پر آنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے اور ایران بھی دیگر ممالک کی طرح معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں فعال ہو سکے گا۔اسحاق ڈار کے مطابق پابندیوں کے باوجود دیگر ممالک ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کی ہے۔جب اقوام متحدہ نے پاکستان سے رابطہ کیا تو پاکستان نے افغانستان کے لیے ایک ہزار امدادی کنٹینرز بھیجنے کی اجازت دی، تاکہ افغان عوام تک انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کاسا 1000 منصوبے کے حوالے سے بھی پاکستان نے افغانستان کی جانب سے بھرپور کوششیں کیں اور منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔تاہم طالبان حکومت کے قیام کے بعد کاسا 1000 منصوبے کی مالی معاونت روک دی گئی تھی، جس کے باعث اس منصوبے پر پیش رفت متاثر ہوئی۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں تعاون، روابط اور ترقیاتی منصوبوں کے فروغ کا خواہاں ہے۔ ایران پر پابندیوں کے باوجود سفارتی رابطے برقرار رکھنا اور اسلام آباد مفاہمت پر عملدرآمد کے لیے پرعزم رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور مسائل کے حل کے لیے امید اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرتا رہے گا۔
خطے کو درپیش چیلنجز کسی ایک ملک تک محدود نہیں، مشترکہ اقدامات کرنا ہونگے، اسحاق ڈار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
