ہومپاکستانآئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس کے حامی ہیں، حافظ نعیم الرحمان

آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس کے حامی ہیں، حافظ نعیم الرحمان

لاہور(سب نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس بنانے کے حق میں ہے، جماعت اسلامی لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینا ہوگا، نظام بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا لاہور میں جماعت اسلامی کے کل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا میں صدارت کا انتخاب بھی سرمایہ کاری سے ہوتا ہے، امریکا میں کھرب پتی افراد پیسے سے اپنی مرضی کا صدر منتخب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے 15ہزار اسکول آوٹ سورس کرکے تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ہر طرح سے تیار رہیں پنجاب میں ہر یو سی سے امیدوار لائیں گے۔پنجاب کی آبادی پاکستان کی مجموعی آبادی کے نصف سے زیادہ ہے اور اگر پنجاب جاگ جائے تو ملک بھر میں تبدیلی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کرنا جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو سیاسی جماعت اپنی جگہ بنا لیتی ہے، ملک بھر میں اسی کی سیاست کا اثر نظر آتا ہے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی بہت جلد ملک بھر میں ایک بڑی پارلیمانی قوت بنے گی۔حافظ نعیم نے موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ چند ہاتھوں میں یرغمال ہے اور طاقتور افراد اس میں سیاسی انجینئرنگ کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی عوام کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہوتی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ برصغیر کی سیاست میں کلٹ، جاگیرداری اور سرمایہ دارانہ نظام کا اثر موجود ہے۔ ان کے مطابق اسٹیبلشمنٹ گزشتہ 80 برس سے اپنے زیرِ اثر جماعتوں کو قوم پر مسلط کرتی رہی ہے اور الیکٹیبلز کو مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل کرانے کے لیے کردار ادا کرتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔