تہران (سب نیوز)ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو میدان جنگ کا فیصلہ امریکی خواہشات کے بجائے ایرانی مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اب نہ جنگ اور نہ امن کی غیر یقینی صورتحال میں نہیں رہے گا اور کسی بھی معاہدے کے لیے امریکا کو تہران کی سات شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔
ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ، اس سے ایران کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کے مطابق ایران کی سات شرائط ایرانی قوم کی قربانیوں اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہیں اور ان شرائط کو تسلیم کرنے سے ہی کسی معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو اس کے نتائج صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ کئی فریق اس سے متاثر ہوں گے۔انہوں نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے بیانات کو غیر مہذب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زبان امریکا کی مایوسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا مقابلہ کرنے میں ناکامی ظاہر کرتی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اسکاٹ بیسنٹ جیسے شخص کو بڑی قوموں کی توہین کرنے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی اسٹریٹجک ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے، جو مبینہ طور پر دھمکیوں کے خوف سے اپنا گھر چھوڑ کر فوجی پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے تھے۔
