ہومکالم وبلاگزقدرت کے خزانوں سے معاشی خودمختاری تک

قدرت کے خزانوں سے معاشی خودمختاری تک

تحریر: محمد محسن اقبال
کہتے ہیں کسی بستی میں ایک شخص عمر بھر گلی گلی روٹی کے ٹکڑے مانگتا رہا۔ جب آنکھ بند ہوئی تو حقیقت عیاں ہوئی کہ جس کچی کوٹھڑی کو وہ اپنا مقدر سمجھ بیٹھا تھا، اس کے فرش تلے اشرفیوں سے بھرا مٹکا دفن تھا۔ سننے والے کوہنسی بھی آتی ہے اور رونا بھی، اور سچ پوچھیے تو ہماری قومی داستان اس حکایت سے کچھ زیادہ مختلف نہیں۔
قدرت نے اس وطن پر دستِ کرم دراز کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ چار رنگ بدلتے موسم، برف کی چادر اوڑھے چوٹیاں، بل کھاتے دریا، سونا اگلتے کھیت، تھر کے سنہرے ٹیلے اور بحیرۂ عرب کا ساحل؛ اور زمین کے سینے میں سونا، تانبا، کوئلہ، لوہا، لیتھیم، نمک، سنگِ مرمر اور رنگ برنگے قیمتی پتھر۔ دن میں پانچ بار اذان کی صدا اس دیار کی فضا کو معطر کرتی ہے۔ ان نعمتوں پر جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے؛ مگر شکر فقط زبان کا کلمہ نہیں، عمل کا سلیقہ بھی ہے، اور نعمت کی اصل قدر یہی ہے کہ اسے برتنے کا ہنر آتا ہو۔
افسوس کہ دولت کے انباروں پر بیٹھے ہم ایک عرصے سے کشکول اٹھائے در در پھرتے ہیں؛ کبھی عالمی مالیاتی اداروں کی دہلیز پر، کبھی دوست ممالک کی چوکھٹ پر۔ اسے بغل میں بچہ اور شہر میں ڈھنڈورا نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟ کنواں گھر کے صحن میں موجود ہے اور ہم پیاس سے بے حال ہیں۔
لیکن بات یہیں ختم نہیں ہوتی، کیونکہ وسائل کا ہونا خوش حالی کی ضمانت نہیں۔ زمین کا خزانہ قومی دولت اسی وقت بنتا ہے جب اسے دوراندیش قیادت، جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ، ہنرمند ہاتھ، شفاف نظام اور مستقل مزاج پالیسی کا سہارا ملے۔ اسی نکتے کو علامہ اقبالؒ نے کس خوبی سے باندھا ہے:
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
ہماری مٹی زرخیز ہے، بس اس نم کی دیر ہے جس کا نام منصوبہ بندی، دیانت اور تسلسل ہے۔ اور شاید وہ گھڑی قریب آ لگی ہے، کیونکہ آج اور کل اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی محفل سجی ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ اجتماع ہماری معدنی دولت کو عالمی سرمایہ کاروں، کان کنی کی بڑی کمپنیوں، ماہرین اور پالیسی سازوں کے روبرو رکھنے کا موقع ہے۔ ہمارے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پائیدار معاشی نمو کے بے پناہ امکانات پوشیدہ ہیں۔ عالمی کمپنیاں آئیں گی تو تنہا سرمایہ نہیں لائیں گی، جدید ٹیکنالوجی، فنی مہارت اور بین الاقوامی منڈیوں کے دروازے بھی ساتھ لائیں گی۔
اس نقشے پر سب سے نمایاں مقام بلوچستان کا ہے۔ ضلع چاغی کا ریکوڈک دنیا کے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔ غیر ملکی متعلقہ فرموں، حکومتِ بلوچستان اور پاکستانی سرکاری اداروں کی شراکت سے آگے بڑھنے والا یہ منصوبہ ہماری معدنی تاریخ میں سنگِ میل بن سکتا ہے، اور سیندک کا تانبا اور سونا بھی اسی صوبے کی اہمیت کی گواہی دیتے ہیں۔
مگر بلوچستان کا المیہ بھی عجب ہے۔ جس کی زمین سونا اور تانبا اگلتی ہے، اس کے بچے اسکول سے، بیمار اسپتال سے اور گھر صاف پانی سے محروم ہیں۔ چراغ تلے اندھیرا اسی کو کہتے ہیں۔ جو منصوبہ کروڑوں ڈالر کما کر بھی مقامی نوجوان کو روزگار، ہنر اور تعلیم نہ دے سکے، اسے کامیاب کیسے کہا جائے؟ کامیابی کا اصل پیمانہ برآمدات کے اعداد و شمار نہیں، وہ مسکراہٹ ہے جو چاغی کے کسی آنگن میں دکھائی دے۔
بلوچستان سے نگاہ ہٹائیں تو سندھ کے صحرائے تھر میں کوئلے کے وسیع ذخائر توانائی اور صنعت کے لیے روشن امکانات کا پتا دیتے ہیں۔ لوہا، کرومائٹ، سیسہ، زنک، چونا پتھر، جپسم، ڈولومائٹ، سنگِ مرمر اور گرینائٹ بھی ہمارے دامن میں ہیں؛ کھیوڑہ اور سالٹ رینج کا نمک دنیا بھر میں مشہور ہے؛ اور گلگت بلتستان و خیبر پختونخوا کے پہاڑوں میں زمرد، یاقوت، پکھراج اور ٹورمالین جیسے پتھر قدرتی حسن اور معاشی امکان کا حسین امتزاج بن کر دمکتے ہیں۔
ادھر آج کی دنیا میں لیتھیم اور نایاب ارضی عناصر کا چرچا ہر زبان پر ہے۔ برقی گاڑیوں کی بیٹریاں، قابلِ تجدید توانائی، جدید الیکٹرانکس اور مواصلاتی آلات انہی پر چلتے ہیں، سو بڑی معیشتیں ان کی مستقل فراہمی کو اپنی اسٹریٹجک ترجیح بنا چکی ہیں۔ ہمارے لیے بھی یہ قابلِ توجہ امکان ہے، لیکن ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی۔ ابتدائی ارضیاتی شواہد کو معاشی منصوبہ بندی کی بنیاد بنانے سے پہلے مستند سائنسی تحقیق، تفصیلی سروے اور تجارتی طور پر قابلِ عمل ذخائر کی تصدیق لازم ہے؛ خوابوں کے محل ہوائی بنیادوں پر کھڑے نہیں کیے جاتے۔
قدرت نے جغرافیہ بھی ہم پر مہربان رکھا ہے۔ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ کے سنگم پر واقع یہ ملک معدنی تجارت کا مرکز بن سکتا ہے۔ مگر اس کے لیے شاہراہیں، ریلوے، بندرگاہیں، بجلی، پانی اور پراسیسنگ کی سہولتیں درکار ہیں۔ سڑک کے بغیر خزانہ پہاڑ میں دفن رہتا ہے، اور پہاڑ میں دفن خزانہ اور قبر کا مال کچھ فرق نہیں رکھتا۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل سرمایہ کاروں کو سہولت دینے اور اداروں میں رابطہ پیدا کرنے کا اہم کردار ادا کر رہی ہے، مگر یاد رہے کہ آئینی طور پر معدنی وسائل کی بیشتر ذمہ داری صوبوں کے پاس ہے۔ وفاق اور صوبے ایک ہی کشتی کے سوار ہیں؛ ایک طرف سے پتوار الٹا چلا تو کشتی بھنور ہی میں گھومتی رہے گی۔ سرمایہ کار کو واضح قوانین، شفاف لائسنسنگ، قابلِ اعتماد معاہدے اور پالیسی کا تسلسل چاہیے۔ سرمایہ بے یقینی کی دھوپ میں نہیں پنپتا، اعتماد کے سائے میں پھلتا پھولتا ہے۔
پھر ایک بنیادی سوال یہ بھی ہے کہ ہم کان سے کیا نکالیں گے اور کیا بیچیں گے۔ خام مال نکال کر بیچنے کی پرانی روش اب چھوڑنی ہوگی؛ یہ تو ایسا ہی ہے جیسے کوئی کپاس بیچ کر مہنگے داموں کپڑا خرید لائے۔ تانبے سے صنعتی مصنوعات بنیں، قیمتی پتھر یہیں تراشے اور چمکائے جائیں، سنگِ مرمر اور گرینائٹ تیار شدہ صورت میں برآمد ہوں۔ یوں روزگار بڑھے گا، برآمدات میں اضافہ ہوگا، درآمدات کم ہوں گی اور ہنرمند افرادی قوت تیار ہوگی۔ پتھر بیچنے والے ہمیشہ غریب رہتے ہیں اور ہنر بیچنے والے امیر۔
اس سفر کی رکاوٹیں بھی آنکھ سے اوجھل نہیں ہونی چاہییں۔ امن و امان کے مسائل، ناکافی بنیادی ڈھانچہ، محدود ٹیکنالوجی، انتظامی تاخیر اور پالیسیوں کی بے یقینی ماضی میں سرمایہ کاری کی راہ روکتی رہی ہیں۔ اپریل 2026 میں بیرک کی جانب سے ریکوڈک کی سرگرمیوں میں سست روی اور سکیورٹی خدشات کا اظہار ہمارے لیے یاد دہانی ہے کہ بڑے منصوبے پائیدار امن، اعتماد اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے بغیر آگے نہیں بڑھتے۔ ان مسائل کا علاج بیانات سے نہیں، مسلسل اور عملی اقدامات سے ہوگا۔
ماحول کا سوال بھی اتنا ہی اہم ہے۔ پانی کا دانش مندانہ استعمال اور کان کنی کے بعد زمین کی بحالی کوئی تکلف نہیں، آنے والی نسلوں کا حق ہے۔ یہ دولت ہمیں ورثے میں نہیں ملی، امانت کے طور پر سونپی گئی ہے، اور امانت لوٹائی جاتی ہے؛ اجڑی ہوئی زمین کی صورت میں نہیں، آباد اور روشن مستقبل کی صورت میں۔
آخر میں بات وہیں آ ٹھہرتی ہے جہاں سے چلی تھی۔ اس فورم کی کامیابی اس سے نہیں ناپی جائے گی کہ کتنے وفود آئے، کتنی تصویریں کھنچیں یا کتنی مفاہمتی یادداشتوں کا اعلان ہوا۔ اصل امتحان اس دن ہوگا جب اعلانات زمین پر منصوبے بن کر اتریں گے، کارخانوں کی چمنیوں سے دھواں اٹھے گا، برآمدات بڑھیں گی اور عام پاکستانی کے دسترخوان پر خوش حالی کی خوشبو پہنچے گی۔ اقبالؒ ہی کے لفظوں میں، یقینِ محکم اور عملِ پیہم کے بغیر کوئی خزانہ قوم کے کام نہیں آتا۔
جس قوم کو قدرت نے زرخیز زمین، رواں دریا، بلند پہاڑ، وسیع سمندر، بے شمار معدنیات اور محنتی ہاتھ دیے ہوں، اسے عمر بھر قرضوں کے سہارے جینا زیب نہیں دیتا۔ ہمارے قدموں تلے خزانے رکھ دیے گئے ہیں۔ اب فیصلہ ہمارا ہے کہ انہیں مٹی کے نیچے سوتا چھوڑ دیں، یا دیانت، دانش اور شفافیت کے ساتھ انہیں اپنی آئندہ نسلوں کے روشن کل کی بنیاد بنائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔