ہومپاکستانسی ڈی اے نے بری امام ہاوس عمارت کو قبضے کی جگہ پر قرار دیدیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع

سی ڈی اے نے بری امام ہاوس عمارت کو قبضے کی جگہ پر قرار دیدیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع

اسلام آباد(سب نیوز) سی ڈی اے نے بری امام ہاوس عمارت کو قبضے کی جگہ پر قرار دے دیا۔ اسلام آباد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ایک متفرق درخواست کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کروایا جس میں کہا گیا کہ بری امام ہاوس نامی کوئی عمارت ہمارے سرکاری ریکارڈ پرموجود نہیں ہے اور نورپور شاہاں کی زمین سی ڈی اے ماضی میں ایکوائری کرچکا اور اس جگہ کی ادائیگی بھی مالکان کو کرچکا ہے۔
سی ڈی اے کے جواب میں کہا گیا ہے کہ حضرت بری امام دربار کی جگہ الگ نمبروں کے ساتھ سرکاری ریکارڈ میں درج ہے، بری امام ہاوس نامی عمارت کاحضرت بری امام دربارکی جگہ سے کوئی تعلق نہیں، محض بری امام ہاوس کانام دینے یا اسے مزارسے منسلک کرنے سے درخواستگزار کو اس زمین کا قانونی حق حاصل نہیں ہوتا۔عدالت میں جمع جواب میں کہا گیا کہ محلِ وقوع اور محکمہ مال ریکارڈ کے مطابق بری امام ہاوس اور بری امام دربار 2الگ الگ جگہیں ہیں، ان دونوں کو ایک ہی جائیداد تصور نہیں کیاجاسکتاہے، درخواست گزار کے پاس اس جگہ پر قبضے یا استعمال کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔
جواب میں کہا گیا کہ عدالت نے سی ڈی اے کا جواب لیے بغیر حکم امتناع جاری کیا، درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر سی ڈی اے کا اعتراض ہے، رواں ہفتے کیس جلد سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاوس کی جانب سے درخواست گزار کو حکم امتناع دے رکھا ہے اور سی ڈی اے نے حکم امتناع ختم کرانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔