اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن نے خصوصی طلبہ کو فنی تربیت کے بعد کاروباری اور صنعتی شعبوں میں انٹرن شپ اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر ووکیشنل ری ہیبلیٹیشن اینڈ ایمپلائمنٹ آف ڈس ایبلڈ پرسنز محمد عامر کی قیادت میں وفد نے چیمبر ہاس کا دورہ کیا۔
وفد میں ڈاکٹر ساجدہ محمود، مس فرح حفیظ اور اسد علی شامل تھے۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر خصوصی افراد کو معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنانے اور انہیں کاروباری و صنعتی اداروں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ انہوں نے متعلقہ تربیتی مرکز کا دورہ کرنے کی دعوت بھی قبول کی۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے خصوصی طلبہ کی فنی تربیت اور بحالی کے لیے ڈائریکٹوریٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈائریکٹر محمد عامر نے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی مہارتوں کی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں چیمبر کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔باہمی رابطوں کے لیے آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر عباس ہاشمی اور ڈپٹی ڈائریکٹر مس فرح حفیظ کو فوکل پرسنز نامزد کیا گیا۔ ایگزیکٹو ممبر ابرار الحق نے کہا کہ چیمبر خصوصی طلبہ کی فنی صلاحیتوں کے مطابق انہیں مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور صنعتی اداروں سے منسلک کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ملاقات میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر سید عمران بخاری، محمد سہیل چوہدری، زوہیب ارشد ملک، سابق ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری، چوہدری محمد علی اور دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔
