اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کا فلسفہ خودی آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ شاعرِ مشرق علامہ اقبال نے اپنی فکر اور شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کیا اور انہیں خود اعتمادی، بلند حوصلے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کا درس دیا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ پاکستان ایک خودمختار، مضبوط اور خوشحال ریاست کی بنیاد ہے۔ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے اقبال کے فلسفہ خودی، خود انحصاری اور عملی جدوجہد کے پیغام کو اپنانا ہوگا۔
صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے شاہین کا کردار اپناتے ہوئے تعلیم، تحقیق اور محنت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ اقبال کا پیغام مایوسی کے بجائے امید، محنت اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اقبال کے افکار کی روشنی میں قومی اتحاد اور معاشی خودمختاری کی ضرورت ہے۔ کاروباری برادری بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے اقبال کے خود انحصاری کے فلسفے پر عمل کرے۔
اقبال کا فلسفہ خودی آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، عاطف اکرام شیخ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
