لاہور(سب نیوز) ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماوں نے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی سب کمیٹی کا اجلاس ہو چکا ہے جبکہ ٹیکنیکل کمیٹی بھی اپنا اجلاس مکمل کر چکی ہے۔
اب حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کا مرحلہ ہے۔لیاقت بلوچ نے بتایا کہ 10نومبر کو حکومت اور جماعت اسلامی کی سب کمیٹی کے مذاکرات کا فائنل راونڈ ہوگا، اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کی عمارت میں منعقد ہوگا۔دوسری جانب اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن اور جمہوری دائرے میں ہے۔ احتجاج کے نتیجے میں عوامی ریلیف کے حوالے سے متعدد اہداف حاصل کیے جا چکے ہیں، جبکہ پیٹرولیم لیوی کا معاملہ بھی حل کرنے کے لیے زیر غور ہے۔
