ہومتازہ ترینکرکٹ ٹیموں کی آمدورفت، اسلام آباد پولیس نے شہریوں کیلئے ٹریفک ایڈوئزری جاری کر دی

کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت، اسلام آباد پولیس نے شہریوں کیلئے ٹریفک ایڈوئزری جاری کر دی

اسلام آباد پولیس نے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کی آمد و رفت کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جارہی ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران سری نگر ہائی وے پر سرینا چوک سے نائنتھ ایونیو تک مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑا جائے گا۔
وفاقی پولیس کی جانب سے سری نگر ہائی وے استعمال کرنے والے شہریوں کو سہروردی روڈ، جی ایٹ، جی نائن سروس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ زیرو پوائنٹ اور فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو اور نائنتھ ایونیو جانے والی ٹریفک کو سروس روڈ ایسٹ استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانے ایئرپورٹ، راول روڈ، مری روڈ، آئی جے پی روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کریں گے۔ پولیس کی جانب سے کورال، ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں شہریوں کو لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی پولیس نے اسلام آباد سے باہر جانے والے شہریوں کو جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ جبکہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو بنی گالہ اور پارک روڈ کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایات کی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ ڈائیورشنز کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے اس لیے شہری سفر کے لیے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھ کر گھروں سے نکلیں۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے مختلف مقامات پر موجود ہوں گے، شہری مزید معلومات کے لیے اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے رجوع کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اسلام آباد کلب میں جمعہ کے روز سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کر دیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔