اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں جاپان کے سفیر آکاماتسو شوئیچی اور ان کی اہلیہ آکاماتسو یومیکو کی میزبانی میں جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کے 72ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
5 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سابق وزیراعظم اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی نمائندگی کرتے ہوئے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور جاپان کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد جاپانی سفیر آکاماتسو شوئیچی اور دونوں معزز مہمانوں نے یادگاری کیک کاٹا۔ اس موقع پر جاپان کے وزیر دفاع کوئزومی شن جیرو کا ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا۔ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کی نمائندگی دفاعی اتاشی کرنل تویودا تاکیشی نے کی۔
استقبالیہ میں اعلیٰ فوجی حکام، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سینئر سرکاری افسران، سفارتی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر آکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کی تاریخ دراصل امن کے حصول کے لیے جاپان کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی سیلف ڈیفنس فورسز آج بھی امن پسندی اور صرف دفاعی حکمت عملی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان جس امن کا خواہاں ہے وہ خاموشی کے بجائے مکالمے، تقسیم کے بجائے تعاون اور طاقت کے بجائے قانون کی حکمرانی پر مبنی ہے۔
جاپانی سفیر نے مزید کہا کہ امن کا تحفظ صرف عسکری طاقت کے اظہار سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے مکالمے کے پل تعمیر کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو مسلسل فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنازعات کو مذاکرات میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی غیر معمولی سفارتی مہارت عالمی برادری کی جانب سے بھرپور تحسین اور اعتراف کی مستحق ہے۔
سفیر آکاماتسو نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کے مختلف شعبوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے جاپان کی گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورسز کے فوجی تربیتی ادارے ’فوجی اسکول‘ میں بین الاقوامی طلبہ کی تربیت، 2010 کے دوران شمال مغربی پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے جاپانی ہیلی کاپٹر یونٹ کی فضائی امداد اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورسز کے بحری جہاز ’مورسامی‘ کی کثیرالقومی بحری مشق امن 2025 میں شرکت کو دونوں ممالک کے تعاون کی اہم مثالیں قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کے کردار اور خدمات کو بہتر طور پر سمجھنے اور پاکستان و جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ رواں سال جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کے قیام کو 72 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ جاپان میں ہر سال یکم جولائی 1954 کو جاپان ڈیفنس ایجنسی اور سیلف ڈیفنس فورسز کے قیام کی یاد میں یومِ سیلف ڈیفنس فورسز منایا جاتا ہے، تاہم اس کی تقریبات اب یکم نومبر کے موقع پر منعقد کی جاتی ہیں تاکہ قدرتی آفات، خصوصاً سمندری طوفانوں اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں ان فورسز کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔
جاپان نے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے ایک امن پسند ملک کی حیثیت سے خطے اور عالمی برادری میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کو اپنی خارجہ اور سکیورٹی پالیسی کا بنیادی ستون بنایا ہے۔
جاپان کے سیلف ڈیفنس فورسز ڈے کی 72ویں سالگرہ، اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
