جدہ(خالد نواز چیمہ)پاکستان کا عالمی امن کے قیام میں کردار قابلِ تحسین ہے، تینوں ممالک کا اتحاد خطے اور دنیا میں استحکام کا ضامن بن سکتا ہے: معروف سعودی صحافی و تجزیہ نگارجدہ: معروف سعودی صحافی، عالمی سیاسی مبصر اور میڈیا کی ممتاز شخصیت خالد المینا نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مکرمہ امن معاہدہ تین مضبوط ممالک کا ایسا اتحاد ہے جس کی بنیاد جارحانہ عزائم کے بجائے دفاع، باہمی تعاون اور عالمی امن کے تحفظ پر ہے۔ دنیا پاکستان کے اس مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وہ پاکستان جرنلسٹ فورم سعودی عرب کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی معلوماتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب کا مقصد پاکستانی صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کو بین الاقوامی صورتحال، علاقائی تبدیلیوں اور عالمی سیاست کے اہم معاملات سے آگاہ کرنا تھا۔خالد المینا نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک نہ صرف خلیجی خطے بلکہ پوری دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے۔ اب جنگیں صرف زمینی محاذوں تک محدود نہیں رہیں بلکہ ڈرون ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید دفاعی نظام نے عالمی سلامتی کے تقاضے بدل دیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی جیسے مضبوط ممالک کا باہمی تعاون خطے میں امن کے قیام اور دفاعی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ امن کے خواہاں دیگر ممالک کو بھی ایسے مثبت اتحادوں کی حمایت اور ان میں شمولیت کے امکانات پر غور کرنا چاہیے، تاکہ دنیا کو جنگ و جدل کے بجائے ترقی، خوشحالی اور باہمی تعاون کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خان، صدر معروف حسین اور دیگر اراکین نے خالد المینا کی اعلی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ خالد المینا نے عالمی صحافت میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے اور خصوصا سعودی عرب کی ترقی، امن کے اقدامات اور عالمی سطح پر مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ان کی دیرینہ دوستی اور محبت کو بھی سراہا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ خالد المینا کو ان کی اعلی صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔اجلاس میں جمیل راٹھور، شاہد نعیم، اسد اکرم، امانت اللہ، مریم شاہد اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔خالد المینا نے پاکستان جرنلسٹ فورم کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے تجویز پیش کی کہ فورم ہر ماہ سعودی عرب کی معروف شخصیات، دانشوروں، صحافیوں اور دیگر اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ ایسی معلوماتی نشستوں کا اہتمام کرے، تاکہ پاکستانی میڈیا نمائندگان کو سعودی معاشرے، ترقیاتی منصوبوں اور عالمی و علاقائی امور کے بارے میں مستند معلومات حاصل ہو سکیں۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے صحافتی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
