پشاور (آئی پی ایس )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ سیاسی یا ذاتی اختلافات اپنی جگہ، لیکن صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا کا روشن مستقبل اور امن کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔تقریب کے دوران گورنر کا کہنا تھا کہ اس صوبے کے عوام، بشمول معصوم اسکول کے بچوں اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور بڑی تعداد میں شہادتیں پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل اور بچوں کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کریں۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کی لہر نے صوبے کے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم مل کر کام کریں تاکہ خیبر پختونخوا کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنایا جا سکے اور دنیا کے سامنے صوبے کا ایک مثبت اور بہترین سافٹ امیج پیش کیا جا سکے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے شہری بجلی کے بل ادا کریں ایک منٹ بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، بل ادا کرنے کے بعد اگر لوڈشیڈنگ ہوگی تو میں ذمہ دار ہوں گا، جہاں لوسز ہوں گے وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے، لاسز پرفیڈر کے بجائے ٹرانسفارمر کی بجلی بند کریں گے، غیر قانونی افغانیوں کو واپس جانا ہوگا، تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلی سہیل آفریدی ہو یا اس کا مبینہ فرنٹ مین کرپشن میں جو بھی ملوث ہوگا، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ جس پر بھی کرپشن کے الزامات ہیں انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کسی کوکوئی معافی نہیں ملے گی۔
