راولپنڈی ۔پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی بین الاقوامی سطح پر علمی و تحقیقی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کینیڈا کی معروف ڈلہوزی یونیورسٹی (Dalhousie University) نے انہیں ’پروفیسر ایمیریٹس‘ کے اعزازی علمی خطاب سے نواز دیا ہے۔ اس اعلیٰ ترین تعلیمی منصب پر ان کی تقرری کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔
بارانی یونیورسٹی کے ترجمان ڈاکٹر ندیم احمد ملک کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف جامعہ بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ کینیڈا کی ڈلہوزی یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعزاز کسی بھی پاکستانی محقق کی دہائیوں پر محیط تحقیق، تدریسی خدمات اور زراعت و سائنسی علوم میں ان کی بے مثال پیشہ ورانہ شراکت کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کا یہ تاریخی اعزاز پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلیمی روابط، مشترکہ سائنسی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا سبب بنے گا۔ یہ بین الاقوامی پذیرائی ملک بھر کی علمی و تحقیقی برادری اور نوجوان محققین کے لیے زبردست ترغیب ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے زرعی میکانائزیشن اور سمارٹ فارمنگ کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی اس تعیناتی پر ملکی و بین الاقوامی تعلیمی حلقوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستانی سائنس دانوں کی عالمی ساکھ کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔
