سری نگر(آئی پی ایس )مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر موقع پرکشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے۔بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ لوگوں کو دہلی حکومت سے یہ امید ہیکہ آپ کو انصاف دیگی؟
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا، آپ میں ان کا مقابلہ کرنے اور ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کی ہمت ہونی چاہیے، اگر آپ نے ایسا نہ کیا تو آپ کا وجود مٹ جائیگا، آپ کا نام و نشان اور شناخت ختم ہو جائیگی اور کوئی آپ کو یاد تک نہیں رکھے گا۔
فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہمارا پڑوسی مسلسل ان کے پیچھے پڑا ہوا ہے، وہ ہر جگہ جا کر کہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوا، وہ ہماری حفاظت کر رہا ہے، ورنہ ان کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں، وہ کہتے کچھ ہیں لیکن کرتے بالکل اس کے برعکس ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ میں سچ کا ساتھ دینے اور اس پر ڈٹ جانیکا حوصلہ ہونا چاہیے، سچ بولنا آسان نہیں ہوتا لیکن جب تک آپ سچ نہیں بولیں گے اور اس پر مضبوطی سے قائم نہیں رہیں گے، آپ کا مستقبل کبھی محفوظ نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب فاروق عبداللہ کے بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے صدر ست شرما نے فاروق عبداللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی عوام سے معافی مانگیں، یہ بیانات ناقابل قبول ہیں، اگر انہیں پاکستان سے اتنی ہی گہری محبت ہے تو انہیں پاکستان جا کر وہاں آباد ہو جانا چاہیے۔
