استنبول (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے مشرق وسطی اور فلسطین کی صورتحال سمیت علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقائی امور پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو استنبول میں اپنے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے استنبول میں آر- 4 وزرائے خارجہ اجلاس اور فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کی شرکت کے ساتھ آر -4 پلس اجلاس کی میزبانی پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیراعظم نے ترکیہ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال بالخصوص مشرق وسطی اور فلسطین کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی استحکام کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مربوط کوششوں کی اہمیت اجاگر کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس ضمن میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون کو بھی اہم قرار دیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ سطح سمیت کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات، علاقائی امن و سلامتی کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
