ہومپاکستانقائمقام صدر یوسف رضا گیلانی کا سعودیہ کیساتھ دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی کا سعودیہ کیساتھ دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد(سب نیوز)قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور اس کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور مکالمے و سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایمان، باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی گہرے رشتوں سے جڑے ہیں۔
جمعہ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجع طامی البقمی نے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی شراکت پر زور دیتے ہوئے طویل عرصے سے چلے آ رہے بھائی چارے کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ ایمان، باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی گہرے رشتوں سے جڑے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور اس کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی صورتحال پر تشویش اور مکالمے و سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔
قائم مقام صدر مملکت نے طویل عرصے کی دوستی کو مضبوط معاشی شراکتوں، بڑھتی سرمایہ کاری اور باہمی طور پر فائدہ مند کاروباری مواقع میں بدلنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم 50لاکھ پاکستانیوں کی سعودی عرب کی ترقی میں حصہ داری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سعودی عرب سے آنے والے ترسیلاتِ زر کے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار کا بھی ذکر کیا۔1986 میں ریلوے کے وفاقی وزیر کے طور پر اپنے دور کا حوالہ دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے الہوفوف اور دمام کو ملنے والے ریلوے منصوبے کا ذکر کیا جو دونوں شہروں کے درمیان نقل و حمل کے روابط کی تعمیر سے ان کے ذاتی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ،سعودی قیادت نے شروع سے ہی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے تعلقات ٹھوس بنیاد پر قائم ہیں اور کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں ان تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ قائم مقام صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ نئے تعینات سفیر کے دور میں دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔